Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فورسز نے مبینہ فلسطینی حملہ آور کا گھر مسمار کر دیا

سال رواں مختلف واقعات میں 135 فلسطینی اور 26 اسرائیلی  ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
اسرائیلی فورسز کی جانب سے تازہ ترین کارروائی میں فلسطینی کا گھر مسمار کر دیا جس پر گذشتہ سال اسرائیلی فوجی کو ہلاک کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔
امریکہ کی ایسوسی ایٹڈ پریس ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کا علاقہ  بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بے لگام تشدد  کی لپیٹ میں ہے۔
ایک دن پہلے اسرائیل کی جانب سے جنین شہر کے قریب تین فلسطینی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد یہ گھر مسمار کیا گیا۔
اس کے علاوہ اسرائیلی آباد کاروں نے چار اسرائیلیوں کی ہلاکت کے بدلے میں فلسطینی دیہات پر حملہ کیا تھا۔
مغربی کنارے میں عسکریت پسندوں کے گڑھ جنین کے قریب پیر کو اسرائیلی فوج کے دن بھر جاری رہنے والے حملے میں دو نوجوانوں سمیت سات فلسطینی ہلاک ہو ئے تھے۔
اس کے علاوہ فلسطینیوں کی اجتماعی فائرنگ سے ایک 17 سالہ لڑکے سمیت چار اسرائیلی ہلاک ہو گئے تھے۔
بدھ کے روز سینکڑوں اسرائیلی آباد کاروں نے اجتماعی فائرنگ کے  اس مقام سے متصل فلسطینی گاؤں میں گھس کر کئی گھروں اور گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔
اسرائیلی فوج نے بدھ کو دیر گئے رپورٹ کی ہے کہ ایک مشتبہ گاڑی کے اندر دہشت گرد سیل کی نشاندہی ہوئی ہے، مبینہ طور پر یہ سیل یہودی بستیوں پر حالیہ حملوں کا ذمہ دار تھا۔

 اسرائیلی فوج نے ویڈیو میں فوجیوں کوگھر مسمار کرتے ہوئے دکھایا۔ فوٹو اے پی

جمعرات کو فلسطینی اسلامی جہاد عسکریت پسند گروپ نے مزید حملے کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی ڈرون حملے میں مارے گئے تین افراد اس گروپ کے رکن تھے اور انہوں نے بدلہ لینا ہے۔
جمعرات کی صبح اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں فوجیوں کو مشتبہ فلسطینی بندوق بردار کا گھر مسمار کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اطلاع دی ہے کہ نابلس شہر میں آپریشن کے دوران فوجیوں پر حملہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فلسطینی ان علاقوں کو مستقبل کی آزاد ریاست  بنانا چاہتے ہیں۔ فائل فوٹو اے پی

ایسوسی ایٹڈ پریس کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال اب تک مختلف واقعات میں کم از کم 135 فلسطینی اور 26 اسرائیلی  ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں مشرقی بیت المقدس اور غزہ کی پٹی کے ساتھ مغربی کنارے پر قبضہ کر لیا تاہم فلسطینی ان علاقوں کو مستقبل کی آزاد ریاست بنانا چاہتے ہیں۔

شیئر: