Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوٹیوب کا نئے فیچر پر تجربہ، صارفین گنگنا کر گانے ڈھونڈ سکیں گے

اس سے قبل 2020 میں یوٹیوب کی بانی کمپنی گوگل نے یہ فیچر گوگل ایپ پر متعارف کروایا تھا (فائل فوٹو: اے ایف یی)
اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کوئی گانا ہمارے دماغ میں تو ہوتا ہے لیکن اُس کے بول یاد نہیں ہوتے۔
اس صورت حال میں اُس گانے کو ڈھونڈنا مشکل ہو جاتا ہے تاہم اب یوٹیوب اِس بارے میں بھی صارفین کو سہولت دینے کی تیاری کر رہی ہے۔
ویب سائٹ ’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق یوٹیوب نے اینڈرائیڈ موبائل فونز پر ایک نئے فیچر پر تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین گانے کی دُھن کو گا کر یا گنگنا کر وہ گانا ڈھونڈ سکیں گے۔
یوٹیوب کے سپورٹ پیج کے مطابق یہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم اینڈرائیڈ فونز پر اپنی ایپ میں کوئی بھی گانا گنگنا کر، گا کر یا اُس کی ریکارڈنگ کو چلا کر ڈھونڈنے کی سہولت دے گا۔
جن صارفین کے پاس یہ ٹیسٹنگ فیچر موجود ہے وہ یوٹیوب کے وائس سرچ کے آپشن میں جا کر تین سیکںڈ تک کا کوئی بھی گنگنا کر ڈھونڈ سکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے یوٹیوب وہ گانا ڈھونڈے گا اور پھر وہ گانا صارف کے سامنے لے آئے گا۔
یہ نیا تجرباتی فیچر ابھی صرف چند ہی اینڈرائیڈ صارفین کے پاس ہے۔ 
خیال رہے کہ اس سے قبل 2020 میں یوٹیوب کی بانی کمپنی گوگل نے یہ فیچر گوگل ایپ پر متعارف کروایا تھا۔
یہ فیچر گوگل سرچ کے آپشن اور گوگل اسسٹنٹ پر لایا گیا تھا جس کے ذریعے صارفین گانے کی دُھن گنگنا کر، سیٹی بجا کر یا پھر اُسے گا کر ڈھونڈ سکتے ہیں۔
تاہم گوگل کے اِس فیچر میں صارفین یہ سہولت 10 سے 15 سیکنڈ کی وائس سرچ کے بعد حاصل کر سکتے ہیں۔    

شیئر: