Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک کون ہیں؟

ایڈم ہولیوک نے اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف سپین میں 1997 میں کھیلا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیزیز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ایڈم ہولیوک بیٹنگ کوچ ہوں گے۔
منگل کو پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینجر نوید اکرم چیمہ، ڈائریکٹر محمد حفیظ، ایڈم ہولیوک بیٹنگ کوچ، سائمن گرانٹ ہیلمُٹ ہائی پرفارمنس کوچ، عمر گُل فاسٹ بولنگ کوچ، سعید اجمل سپن بولنگ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، مسرور رانا اسسٹنٹ ٹیم منیجر اور شاہد اسلم اسسٹنٹ بیٹنگ کوچ ہوں گے۔
دورہ آسٹریلیا کے لیے مقرر کیے گئے بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر ہیں اور ون ڈے میچز میں انگلش ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔
ستمبر 1971 میں آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے ایڈم ہولیوک میڈیم فاسٹ بولر اور دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹر تھے۔
ایڈیم ہولیوک نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز اگست 1996 میں پاکستان کے خلاف برمنگھم میں کیا تھا اور انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 35 ون ڈے میچز کھیلے جس میں آل راؤنڈر نے 25 کی اوسط سے 606 رنز اور 32 وکٹیں حاصل کیں۔
سرے کاؤنٹی سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے آل راؤنڈر اپنے کلب کے کپتان بھی رہے اور اُن ہی قیادت میں اُن کی ٹیم نے متعدد کاؤنٹی چیمپیئن شپس بھی اپنے نام کیں۔
سنہ 1997 میں جب مائیک اتھرٹن نے شارجہ میں چار ملکی ون ڈے کپ میں انگلینڈ کی قیادت سے معذرت کی تھی تو ایڈم ہولیوک کو ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، انڈیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل تھیں لیکن ایڈم ہولیوک کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہی اور یہ پہلی ٹرافی تھی جو تقریباً 10 برسوں بعد انگلش ٹیم جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

ایڈم ہولیوک کاؤنٹی کرکٹ میں بطور کھلاڑی سنہ 2007 تک متحرک رہے۔ (فائل فوٹو: ایڈم ہولیوک/انسٹاگرام)

ایڈم ہولیوک 1999 میں ورلڈ کپ کھیلنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے بھی رُکن تھے لیکن وہاں اُن کی خراب پرفارمنس کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
سنہ 2003 میں سلیکٹرز کی جانب سے ایک بار پھر ایڈم ہولیوک کو ٹیم میں شامل کرنے پر غور کرنا شروع کیا گیا لیکن چھوٹے بھائی بین ہولیوک کی موت کے سبب پیش آنے والی پیچیدگیوں کے باعث وہ ٹیم میں واپس نہ آ سکے۔
بین ہولیوک نے بھی 20 ون ڈے میچوں اور دو ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی اور وہ 2002 میں ایک کار ایکسیڈنٹ میں ہلاک ہو گئے تھے۔
اس کے بعد ایڈم ہولیوک کبھی انگلینڈ کی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے لیکن کاؤنٹی کرکٹ میں وہ سنہ 2007 تک متحرک رہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف سپین میں 1997 میں کھیلا تھا جبکہ سنہ 1999 کے ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ اُن کے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا تھا۔

شیئر: