Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیز: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دے دی

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: گیٹی)
ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو گابا میں ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ کے 65 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
انگلینڈ نے چوتھے روز کا آغاز 134 رنز اور چھ وکٹوں کے نقصان پر کیا تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 43 رنز درکار تھے۔
کپتان بین سٹوکس اور ول جیکس کریز پر موجود تھے جنہوں نے چائے کے وقفے تک 59 رنز بنا کر ٹیم کو 16 رنز کی برتری دلوائی۔
تاہم چائے کے وقفے کے بعد بین سٹوکس 50 اور ول جیکس 41 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے اور یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 241 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر نے پانچ، مچل سٹارک اور سکاٹ بولینڈ نے دو دو جبکہ برینڈن ڈوگٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کو جیت کے لیے 65 رنز کا ہدف ملا جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 22 اور جیک ویدرالڈ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان سٹیو سمتھ 23 اور مارنس لبوشین تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ایشز ٹیسٹ کے تیسرے روز زیک کرولی 44، اولی پوپ 26، بین ڈکٹ، جو روٹ اور ہیری بروک 15، 15 جبکہ جیمی سمتھ چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 511 رنز بنا کر انگلینڈ پر 177 رنز کی برتری حاصل کی تھی جبکہ انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 334 رنز بنائے تھے۔

شیئر: