Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ گیلیکسی فونز کی بیٹری کی عمر بڑھانے کی ٹپس

اگر آپ کے موبائل فون میں غیر ضروری ایپلی کیشنز چل رہی ہیں تو انہیں سلیپ موڈ میں ڈال دیں (فوٹو: سام سنگ)
جیسے ہی ہمارے سمارٹ فونز پرانے ہونا شروع ہوتے ہیں تو اُن کی بیٹری کی عمر بھی وقت کے ساتھ ساتھ جواب دینے لگ جاتی ہے۔
اس دوران ایک ایسا وقت آتا ہے جب ہم اپنے موبائل فون کی کمزور ہوتی بیٹری سے تنگ آ کر نیا سمارٹ فون خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
اگر آپ نے ابھی نیا سام سنگ گیلکسی کا کوئی فون لیا ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ اِس کی بیٹری لمبے عرصے تک ٹھیک چلے تو آئیے ہم آپ کو اسی سلسلے میں کچھ ٹپس دیتے ہیں جن سے آپ کے سام سنگ گیلیکسی سمارٹ فون کی بیٹری کی عمر بڑھ سکتی ہے۔
اپنے سمارٹ فون کو 100 فیصد تک چارج نہ کریں
ویب سائٹ ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق سام سنگ کا کہنا ہے کہ گیلیکسی فون کو 85 فیصد تک چارج کرنے سے بیٹری کی عمر لمبی ہوتی ہے۔ اسی لیے فون کو چارج کرتے وقت اس بات کا دھیان رکھیں کہ اپنے سمارٹ فون کو 100 فیصد تک چارج نہ کریں۔
اس کے علاوہ آپ اپنے فون کی چارجنگ کو خودکار طریقے سے صرف 85 فیصد تک بھی محدود رکھ سکتے ہیں۔ 
اس کے لیے آپ کو سیٹنگ کے آپشن میں جا کر بیٹری کے آپشن میں جانا ہوگا اور پھر ’پروٹیکٹ بیٹری لِمٹ‘ کو 85 فیصد پر سیٹ کر دینا ہوگا۔ اس طرح آپ کا فون 85 فیصد سے زیادہ چارج نہیں ہوگا۔
فاسٹ چارجنگ کو بند کر دیں
فاسٹ چارجنگ سے فون گرم ہوتے ہیں جس سے سام سنگ کے سمارٹ فونز کی بیٹری متاثر ہوتی ہے۔ اسی لیے فاسٹ چارجنگ کو بند کرنے سے آپ اپنے سام سنگ کے فون کو گرم ہونے سے بچا سکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں بیٹری کی عمر بڑھا سکتے ہیں۔
اگر آپ فاسٹ چارجنگ کو بند کرنا چاہتے ہیں تو اِس کے لیے آپ کو سیٹنگ کے آپشن میں جا کر بیٹری کے آپشن میں جانا ہوگا اور پھر وہاں چارجنگ سیٹنگز میں جا کر فاسٹ چارجنگ کے آپشن کو بند کرنا ہوگا۔
یہاں ایک بات یاد رہے کہ اگر آپ فاسٹ چارجنگ کے آپشن کو بند کرتے ہیں تو اِس سے آپ کا سام سنگ گیلیکسی فون دیر سے چارج ہوگا۔
 غیر ضروری ایپس کو بند کر دیں
آپ کے سام سنگ کے سمارٹ فون کے بیک گراؤںڈ میں چلنے والی غیر ضروری ایپس موبائل فون کی بیٹری کی عمر کو متاثر کرتی ہیں۔
اگر آپ کے موبائل فون میں غیر ضروری ایپلی کیشنز چل رہی ہیں تو انہیں سلیپ موڈ میں ڈال دیں یعنی انہیں غیر فعال کر دیں۔
غیر ضروری ایپلی کیشنز کو بند کرنے کے لیے آپ کو سیٹنگ کے آپشن میں جا کر بیٹری کے آپشن میں جانا ہوگا اور پھر وہاں بیک گراؤںڈ یوزیج لِمٹ کے آپشن میں جا کر غیر ضروری ایپس کو سلیپ موڈ میں ڈالنا ہوگا۔

شیئر: