Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی ٹی20 لیگ، گوتم گمبھیر اور سری سانتھ کے درمیان نوک جھوک تاحال جاری

2013 کے آئی پی ایل سیزن میں سری سانتھ پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نجی ٹی20 لیگ ’لیجنڈز لیگ کرکٹ‘ کے میچ کے دوران انڈیا کے سابق کھلاڑیوں گوتم گمبھیر اور سری سانتھ کے درمیان ہونے والی لفظی لڑائی ابھی تک سوشل میڈیا پر جاری ہے۔
اس سلسلے میں گوتم گمبھیر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں سری سانتھ کو ڈھکے چھپے اور طنزیہ الفاظ میں پیغام دیا۔
گوتم گمبھیر نے جمعرات کو اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’جب دنیا تمہاری توجہ حاصل کرنا چاہتی ہو تو مسکراؤ۔‘
اس کے جواب میں سری سانتھ نے طویل تبصرہ کیا اور پھر ڈیلیٹ کر دیا۔
سری سانتھ لکھتے ہیں کہ ’آپ نے سپورٹس مین اور بھائی ہونے کی تمام حدیں پار کر دیں اور اس کے علاوہ آپ عوام کے نمائندہ بھی ہیں۔ آپ کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ میں نے صرف آپ کو دیکھا تھا اور مسکرایا تھا اور آپ نے مجھ پر فکسر ہونے کا الزام لگا دیا۔ آپ سپریم کورٹ سے بالاتر ہیں؟‘
اس کے علاوہ سری سانتھ نے مزید کہا کہ ’آپ نے امپائروں کو گالیاں دیں۔ آپ ایک مغرور اور گھٹیا انسان ہیں جو کسی بھی عزت کے حقدار نہیں۔ آپ نے مجھے سات سے آٹھ مرتبہ فکسر کہا۔ آپ نے مجھے اور امپائروں کو گالیاں دیں۔‘
سابق فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ ’کہیں نہ کہیں دل میں آپ کو پتا ہے آپ نے کیا کہا ہے اور آپ جانتے ہیں کہ یہ غلط ہے۔ مجھے یقین ہے کہ خدا بھی آپ کو معاف نہیں کرے گا۔‘
 

فوٹو: سکرین شاٹ

اس کے علاوہ نے سری سانتھ نے انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے گوتم گمبھیر پر گالیاں دینے اور اُنہیں فکسر کہنے کے الزامات لگائے۔
یہاں یاد رہے کہ بدھ کو لیجںڈز لیگ کرکٹ میں انڈیا کیپٹلز اور گجرات جائنٹس کے درمیان سورت میں کھیلے گئے میچ کے دوران گوتم گمبھیر اور سری سانتھ کے درمیان لفظی تکرار دیکھنے میں آئی تھی۔
اس کے میچ کے بعد سری سانتھ نے الزام لگایا تھا کہ گوتم گمبھیر انہیں فکسر کے نام سے مخاطب کرتے رہے۔
 
اس حوالے سے گوتم گمبھیر کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب انڈین میڈیا کے مطابق سری سانتھ کو لیجنڈز لیگ کرکٹ کی جانب سے قانونی نوٹس بھی بھیج دیا گیا ہے۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ کی جانب سے سری سانتھ کو یہ نوٹس ٹورنامنٹ کے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر بھیجا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق لیگ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر کے ساتھ مزید بات صرف اس صورت میں کی جائے گی جب وہ گوتم گمبھیر سے متعلق ویڈیوز کو اپنے سوشل میڈیا سے ہٹائیں گے۔
خیال رہے 2013 کے آئی پی ایل سیزن میں سری سانتھ سمیت راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد  کر دی گئی تھی۔
انڈیا کی سپریم کورٹ نے 2019 میں سری سانتھ پر لگنے والی پابندی ختم کر دی تھی جس کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ستمبر 2020 میں فاسٹ بولر کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی تھی۔

شیئر: