Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی تخلیق کار کی فیشن ڈیزائننگ اور سلائی سے محبت

فیشن ڈیزائنگ کے شعبے میں مملکت کے پاس باصلاحیت اور تخلیقی ڈیزائنرز ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی فیشن اور طرز زندگی  کی تخلیق کار منال مارویلس کو یونیورسٹی لائف میں ڈیزائننگ اور سلائی سے اپنی محبت کا انکشاف ہوا اور انہوں نے جلد ہی سوشل میڈیا پر اپنا کام شیئر کرنا شروع کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق منال مارویلس نے بتایا کہ فیشن کے لیے میرا جنون اتفاقیہ تھا جس کے لیے  مجھے کالج میں فیشن کلاسز کا سمسٹر لینا پڑا اور میں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
منال مارویلس کا کہنا ہے کہ مجھے منفرد قسم کے تخلیقی خیالات پسند ہیں جو میں اپنے سامعین کے ساتھ شیئر کرتی ہوں، میری ہم عمر لڑکیاں اس میں دلچسپی رکھتی ہیں اور فیشن پسند کرتی ہیں۔
منال نے کہا کہ ’یہ بتانا پسند کروں گی کہ میں نے کس طرح اپنی تخلیقات کو تیار کیا۔‘
منال کے اس وقت ٹک ٹاک پر سات لاکھ سے زائد فالوررز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’یہ میرے لیے جادو کی طرح محسوس ہوا کہ کپڑے کو کاٹ کر اور وہاں سلائی کرکے ایک ٹکڑے کو آرٹ کے نمونے میں کیسے بدل سکتے ہیں۔‘
منال نے  سونی کریئٹرز کنونشن میں حصہ  لیتے ہوئے ماڈلز کے ذریعے اپنے کام کی نمائش کی اور وہاں موجود متعدد تخلیق کاروں کو فیشن کی دنیا میں کامیاب ہونے کے طریقے اور اپنے جذبات کو کیریئر بنانے کے مشورہ دیے۔
انہوں نے کہا کہ  فیشن اور طرز زندگی کی تخلیق کار کے طور پر میرا کام کپڑوں سے لے کر سکن کیئر اور میک اپ کے ساتھ عالمی اور مقامی برانڈز کے ساتھ تعاون کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

روایتی ملبوسات میں مزید فیشن ایونٹس کی ضرورت ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

منال مارویلس نئے فیشن ڈیزائنرز کو  TikTok کے علاوہ  اپنے یوٹیوب چینل پر بھی سپورٹ کرتی ہیں اور فیشن انڈسٹری میں ان کے لیے داخلے کا راستہ ہموار کرتی ہیں۔
یوٹیوب پر اپنے چینل کے ذریعے پرانی جینز کو جیکٹ میں بدلتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیشن ڈیزائننگ کے آغاز سے ہی مجھے دوستوں اور خاندان والوں کی حمایت حاصل تھی اور وہ سب اس کے حامی تھے۔
سعودی ڈیزائنر نے بتایا کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں اپنا کام شیئر کرنے سے روک رہے تھے تاہم انہوں نے اس پر  قابو پا لیا ہے۔

فیشن شوز کا انعقاد ڈیزائنرز اور مملکت کے لیے فائدہ مند ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سوشل میڈیا پر ایسی حرکات معمول بن گئی ہیں لیکن میں سب کو مشورہ دیتی ہوں کہ وہ  اس پر تبصرہ کرنے کو نظرانداز کریں خاص طور پر جب یہ واضح ہو جائے کہ  غیر شائستہ حرکت کرنے والا صرف آپ کو تکلیف پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
منال نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر تعمیری تنقید کو ہمیشہ سراہتی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کرتی ہیں کہ اپنے کام کو بہتر بنانے کے لیے رائے کو کیسے لینا چاہئے۔
سعودی ڈیزائنر نے مزید کہا کہ ایسے لوگ جو آپ کو صرف نیچا دکھانا چاہتے ہیں انہیں خاموش کرا دینا چاہیے۔

فیشن انڈسٹری میں نووارد کے لیے داخلے کا راستہ ہموار کرتی ہوں۔ فوٹو عرب نیوز

منال کا خیال ہے کہ باصلاحیت اور تخلیقی سعودی ڈیزائنرز کے ساتھ سعودی فیشن اور روایتی ملبوسات میں مملکت کو مزید مفید فیشن ایونٹس کی ضرورت ہے۔
فیشن ڈیزائنگ کے شعبے میں سعودی عرب کے پاس باصلاحیت اور تخلیقی ڈیزائنرز موجود ہیں اور ان کے کام کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا جانا چاہیے۔
یہاں مزید فیشن شوز کا ہونا نہ صرف ڈیزائنرز بلکہ مملکت کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
 

شیئر: