Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرمی کے موسم میں کون سی غذائیں جسم میں ٹھنڈک پیدا کرتی ہیں؟

موسم گرما میں پھل اور سلاد کھانے سے جسم میں پانی کا تناسب برقرار رہتا ہے۔ (فوٹو: فری پک)
گرمی کے موسم میں عموماً جسم میں پانی کی کمی کی شکایت رہتی ہے۔ آپ جو کھاتے ہیں اور جس طرح سے کھاتے ہیں، اس سے آپ کی صحت پر اثر پڑتا ہے اور جسم میں ٹھنڈک یا گرمی پیدا ہوتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق غذائیت سے متعلق چند تجاویز پر عمل کرنے سے گرمیوں کے موسم میں جسم کے درجہ حرارت کو کم سے کم رکھا جا سکتا ہے۔
زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں
زیادہ سے زیادہ پانی پینے سے جسم کے درجہ حرارت کو قابو رکھنے میں مدد ملتی ہے، جس کی ایک وجہ پسینہ آنا اور جسم کا ٹھنڈا رہنا ہے۔
جسم میں پانی کا تناسب برقرار رہنے سے اعضا صحیح طریقے سے کام کرتے ہیں اور ہیٹ سٹروک سے بھی بچنے میں مدد ملتی ہے۔
کوشش کریں کہ ایک دن میں کم از کم آٹھ سے دس گلاس پانی کے پیئیں۔
ٹھنڈی غذا کا استعمال 
ایسی سبزیوں یا پھلوں کا استعمال کریں جن میں قدرتی طور پر پانی کا تناسب زیادہ ہو جیسے کہ کھیرا، تربوز، مالٹے اور سلاد کے پتے۔ ایسا کرنے سے جسم میں پانی کا تناسب بھی برقرار رہتا ہے اور وٹامن اور معدنیات بھی ملتی رہتی ہیں۔
مصالحہ دار کھانوں سے پرہیز کریں
مصالحہ دار کھانوں سے جسم کا درجہ حرارت بڑھتا ہے اور گرمی محسوس ہوتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ موسم گرما میں ایسے کھانوں سے پرہیز کیا جائے۔
اگر آپ کو مصالحہ دار کھانے پسند ہیں تو کوشش کریں کہ کم مرچوں والی خوراک کھائیں۔
الیکٹرولائٹس والی غذا کا استعمال کریں
جسم میں پانی کا تناسب برقرار رکھنے کے لیے الیکٹرولائٹس جیسے سوڈیم، پوٹاشیم اور میگنیزیم انتہائی ضروری ہیں بالخصوص موسم گرما میں جب پسینہ بھی زیادہ آتا ہے۔

گرمیوں میں مصالحہ دار خوراک سے پرہیز کرنا چاہیے۔ فوٹو: فری پک

کوشش کریں کہ موسم گرما میں کیلے، ناریل کا پانی، سبز پتوں والی سبزیاں اور دہی کا استعمال کریں جن میں الیکٹرولائٹس بھی بھرپور مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔
جب موسم گرم ہو یا پھر جسمانی ورزش زیادہ ہونے کی صورت میں بھی ان غذاؤں کا استعمال کریں۔
کیفین اور الکوہل کا استعمال کم سے کم کریں
کیفین اور الکوہل دونوں کا استعمال ہی جسم میں پانی کے تناسب میں کمی کا باعث بنتا ہے اور جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔
بہتر یہی ہے کہ گرمی کے موسم میں ایسے مشروبات کا کم سے کم استعمال کریں اور اس کے بجائے پانی کے ساتھ ساتھ جڑی بوٹیوں والی چائے پیئیں۔

شیئر: