ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم پہلی پوزیشن پر برقرار
بدھ 27 نومبر 2024 15:40
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی ہے۔
آئی سی سی کی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ انڈیا کے روہت شرما دوسرے جبکہ شبمن گل تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان ایک درجہ بہتری کے بعد دوبارہ پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
تاہم پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
اسی طرح سے ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ انڈیا کے یشسوی جیسوال دو درجے ترقی کرنے کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے سعود شکیل ایک درجہ بہتری کے بعد آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں انڈیا کے جسپریت بمراہ دو درجے ترقی کے بعد دوبارہ پہلے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے نعمان علی نویں نمبر پر برقرار ہیں۔
اسی طرح سے ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلے نمبر پر ہیں۔
انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے اور انڈیا کے تلک ورما تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے بابر اعظم پانچویں اور محمد رضوان چھٹے نمبر پر ہیں۔
ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید پہلے نمبر پر ہیں جبکہ سری لنکا کے ونندو ہسارنگا دوسرے اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر ہیں۔