Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہمت ہے تو منہ پر بات کریں‘، بابر اعظم پر تنقید کرنے والے کو عمر اکمل کا دو ٹوک جواب

عمر اکمل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں (فائل فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان کے سابق کرکٹر عمر اکمل پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کے خلاف بات کرنے پر غصے میں آگئے۔
عمر اکمل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں کسی ٹی وی شو میں بطور مہمان بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس شو میں بات چیت کے دوران میزبان احمد علی بٹ نے سوال پوچھا کہ ’وہ کون سا ایک کھلاڑی ہے جسے پاکستانی ٹیم میں نہیں ہونا چاہیے؟‘
اس سوال کے جواب میں سٹوڈیو میں بیٹھے دیگر مہمانوں میں سے کسی نے بابر اعظم کا نام لیا جس پر عمر اکمل نے سخت ردعمل دیا۔
بظاہر غصے میں عمر اکمل کہتے ہیں کہ ’آپ میں اتنی ہمت ہے تو یہ بات بابر اعظم کے منہ پر بولیں، آپ کو پورا لاہور جانتا ہے کیا؟ آپ کو تو پورا لاہور بھی نہیں جانتا لیکن بابر اعظم کو پوری دنیا جانتی ہے۔‘
کرکٹر مزید کہتے ہیں کہ ’بابر اعظم پانچ سال تک پاکستانی ٹیم کا کپتان رہا ہے، آج اگر اس پر مشکل وقت آیا ہے تو آپ کھلے لفظوں میں بات کریں گے کہ اس کو ٹیم میں نہیں رہنا چاہیے، آپ ایسے بات نہیں کر سکتے۔‘
اس وائرل ویڈیو پر صارفین مختلف قسم کی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر صارف خان نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’اور پانچ برسوں سے تمام بڑے انٹرنیشنل میچزمیں پرفارمنس صفر ہے۔‘

سوشل میڈیا صارف حسن نے لکھا کہ ’یہ کیا بات ہوئی؟ پانچ سال ٹیم کپتان رہا ہے لہٰذا اس کو برداشت کرو پوری زندگی۔‘

اے آر قریشی نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’پہلی بار کچھ اچھا کہا ہے عمر اکمل نے۔‘

سوشل میڈیا صارف علنیہ علی نے لکھا کہ ’معذرت لیکن میں سچ میں باقی تین افراد کو تو جانتی ہوں لیکن بابر کا نام لینے والے کو نہیں جانتی۔‘

 

شیئر: