Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کی وکٹ پر محمد عامر کا جشن، ویوین رچرڈز کا ’اشارہ‘ وائرل

محمد عامر نے پی ایس ایل 10 میں اب تک 7 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 17 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 64 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کر لی ہے۔ 
پشاور زلمی پی ایس ایل کے رواں سیزن میں مشکلات کا شکار دے رہی ہے اور ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی مسلسل پرفارم نہ کر پانے کے باعث پریشر میں دکھائی دیتے ہیں۔ 
گزشتہ روز کے میچ میں بھی بابر اعظم جب محمد عامر کی بولنگ کا سامنا کر رہے تھے تو وہ مشکل میں نظر آئے۔ محمد عامر نے بابر کو چار گیندیں کروائیں جن میں پہلا باؤنسر ہی بابر کے ہیلمٹ پر جا لگا اور بابر کو انجری ٹیسٹ سے گزرنا پڑا۔ 
اس کے بعد عامر کی جانب سے آنے والے ان سونگر نے بابر کو پولین کی راہ دکھائی جس پر  عامر کے جشن کا انداز سب کی توجہ کا مرکز بنا۔ 
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جیسے ہی عامر نے بابر کی وکٹ لی وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈگ آؤٹ کی طرف بھاگے جہاں ٹیم کے مینٹور ویوین رچرڈز بھی موجود تھے۔
عامر نے ویو رچرڈرز کی طرف اشارہ کیا جس پر ویسٹ انڈین لیجنڈ نے انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کا جوابی اشارہ دیا۔ 
محمد عامر پہلے بھی بابر اعظم کی وکٹ لے چکے ہیں اور دونوں کرکٹرز کے فینز سوشل میڈیا پر اکثر آمنے سامنے ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
عامر نے 18 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی مگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بابر اعظم نے رواں سال کے پی ایس ایل میں اب تک صرف 117 رنز بنائے ہیں اور وہ ٹاپ 10 سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہوسکے، جبکہ محمد عامر اس ٹورنامنٹ میں 7 وکٹوں کے ساتھ 12 ویں نمبر پر ہیں۔ 
جہاں تک دونوں کھلاڑیوں کی ٹیموں کا تعلق ہے زلمی چھ میچوں میں دو جیت کر چوتھے نمبر پر ہے۔ گلیڈی ایٹرز زلمی سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، لیکن چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ کے مینٹور ویوین رچرڈز نے کرکٹ پاکستان سے بابر اعظم سے متعلق بات کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’بابر اعظم جلد اپنی فارم میں واپس آجائیں گے۔ بادشاہ وہ ہوتا ہے جو سب پر حکومت کرتا ہے۔ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کتنے اچھے بلے باز ہیں، ہر کوئی کسی نہ کسی مشکل وقت سے گزرتا ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بابر کو اس طرح کے مرحلے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بابر بہت اچھا کھلاڑی ہے۔‘
ویوین رچرڈز نے مزید کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ وہ بہت جلد فارم میں واپس آجائے گا۔ جب آپ کوہلی اور بابر جیسے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں تو وہ کرکٹ کے کھیل کے ساتھ انصاف کرتے نظر آتے ہیں۔‘
 

شیئر: