پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج سکیم 2025 کے تحت پرائیویٹ کوٹے پر 25 ہزار 698 افراد حج کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے رواں برس کے لیے پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کے حج کا کوٹہ فراہم کیا ہے۔
عام طور پر اس کوٹے کو سرکاری اور پرائیوٹ سطح پر برابر تقسیم کیا جاتا ہے، لیکن نجی سیکٹر سعودی حکام کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ کوٹہ 89 ہزار 801 سے کم کر کے 25 ہزار کر دیا گیا ہے۔ رواں برس اس تبدیلی کی وجہ سے 67 ہزار افراد حج نہیں کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں
-
جعلی حج خدمات کی اشتہاری مہم چلانے والے 4 غیرملکی گرفتارNode ID: 890043
-
شاہ سلمان 100 ملکوں کے 1300 عازمین حج کی میزبانی کریں گےNode ID: 890066
جمعے کو سردار محمد یوسف نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’پرائیویٹ کوٹے پر 25 ہزار 698 افراد حج کریں گے۔ 14 فروری تک 36 سو عازمین نے رقم جمع کروائی تھی۔ لیکن ایک ہفتے کی توسیع کے بعد یہ تعداد 13 ہزار ہوگئی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ حج آپریٹرز نے سعودی حکام کے پاس 904 کمپنیاں رجسٹر کروائی تھیں، لیکن کچھ لوگوں نے غیر رجسٹر شدہ آپریٹرز کو رقم جمع کروائی۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹی اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔
وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے، سعودی ایئرلائنز، ایئر سیال، ایئر بلیو اور سیرین ایئر حاجیوں کو سعودی عرب کے کر جائیں گی۔
مئی کے آغاز میں وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے ہدایات جاری کی تھیں اور رقم ادا کرنے سے پہلے وزارت کی ویب سائٹ پر جا کر حج آپریٹرز کی تصدیق اور غیر مصدقہ اشتہارات سے بچنے کا کہا تھا۔
2025 میں پاکستان سے 89 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے 55 ہزار سے زائد سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔