Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے ساتھ کشیدگی کے دوران حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کرتے ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کے ساتھ حالیہ تنازعے کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نےغیرملکی دورے کے دوران منگل کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے لاچین میں ملاقات کی۔
انہوں نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی جانب سے پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کو سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔ ہم انڈیا کے ساتھ کشیدگی کے دوران بھرپور حمایت کرنے پر آذربائیجان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’انڈیا کے خلاف معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذربائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔‘
آذربائیجان کے صدر سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔‘
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
اس موقعے پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے سٹریٹجک شراکت داری کو متنوع بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ 
ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آذربائیجان کی جانب سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔ 
ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر جلد ملاقات کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارک باد پیش کی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور خصوصی طارق فاطمی بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

 

شیئر: