Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور افغانستان کا باہمی اعتماد قائم کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق

گذشتہ ماہ 19 اپریل 2025 کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ کابل کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا (فوٹو: دفتر خارجہ)
پاکستان اور افغانستان نے باہمی اعتماد قائم کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کو افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ عامر خان متقی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں ممالک نے علاقائی رابطوں کے لیے ازبکستان، افغانستان، پاکستان (یو اے پی) ریلوے لائن منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
 
وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے اپنے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ افغانستان نے بھی اس کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اسے دو طرفہ تعلقات میں انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے 19 اپریل 2025 کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ کابل کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔
افغانستان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر خارجہ آنے والے دنوں میں پڑوسی ملک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
کابل میں افغانستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس دورے کے پروگرام کی تصدیق کی ہے۔
دونوں پڑوسی ملکوں نے حالیہ دنوں میں تعلقات میں آنے والے تناؤ اور کشیدگی کو کم کرنے کے اشارے دیے ہیں۔
افغانستان کی طالبان انتظامیہ اور پاکستان کے تعلقات میں رواں سال کے آغاز میں اس وقت تناؤ بڑھا تھا جب اسلام آباد نے سکیورٹی خدشات کا بتا کر ہزاروں افغان باشندوں کو اُن کے ملک واپس بھیجنے کی مہم تیز کی۔ رواں ماہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات میں تناؤ کم ہوا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعے کو کہا تھا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور کی حیثیت بڑھا کر سفیر بنایا جا رہا ہے۔
اس کے بعد کابل انتظامیہ نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے ناظم الامور کو بھی سفیر کی حیثیت دی جا رہی ہے۔

 

شیئر: