سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ پٹی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے عالمی برادری پرزور دیا کہ’ وہ انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔‘
مزید پڑھیں
-
سعودی وزیرخارجہ برکس سمٹ میں شرکت کےلیے برازیل پہنچ گئےNode ID: 891949
برازیل کے شہرریو ٹی جنیرو میں جاری برکس سمٹ سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا’ صحت کے بنیادی ڈھانچے پر اسرائیلی حملے اور شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘
’غزہ میں درپیش انسانی مصائب کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ دو ریاستی حل کے تحت جامع و پائیدار امن ناگزیر ہے۔‘
اجلاس جس کا عنوان ’ماحولیاتی تبدیلی کوپ 30 اور عالمی صحت‘ تھا سے خطاب کے آغاز میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے برازیل کو کانفرنس کی میزبانی کرنے پر خراج تحسین پیش اور کثیر الجہتی تعاون کے فروغ کی امید کا اظہار کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق معاہدے اور پیرس معاہدے کے حوالے سے مملکت کی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے عملی و متوازن طریقہ کار آپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے بتایا’ سعودی عرب، پانی کی قلت جیسے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہا ہے۔ گلوبل واٹر آرگنائزیشن کے حوالے سے مملکت کا کردار مرکزی رہا ہے۔‘
صحت کے شعبے کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا ’سعودی وژن 2030 کے اہداف میں شامل اصلاحات مختلف حوالوں سے اہم ہیں جن تحت احتیاطی تدابیر پر فوکس کرنا شامل ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’مملکت نے حج وعمرہ جیسے مثالی اجتماعات کی کامیابی سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے ان پر کامیابی سے عمل کیا جس کے بہتر نتائج واضح ہیں۔‘

انہوں نے عالمی معیار کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلے تیار کردہ نظام و ضوابط پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن اور پیرس معاہدے کےلیے مملکت کی وابستگی کی توثیق کی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان برکس سمٹ میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کرتے ہوئے برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں ہونے والے برکس سمٹ میں شریک ہیں۔
اجلاس میں سعودی عرب کے برازیل میں متعین سفیر فیصل غلام اور وزیر خارجہ کے آفس ڈائریکٹر ولید اسماعیل و مشیر محمد الیحی بھی موجود تھے۔