سعودی سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان، حصص میں نمایاں کمی
جمعرات 17 جولائی 2025 15:18
’انڈیکس کا 11 ہزار پوائنٹس کی سطح پر برقرار رہنا مستقبل کی سمت متعین کرنے میں اہم ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی سٹاک مارکیٹ میں آج کی منفی رجحان رہا جہاں کئی سرکردہ حصص کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مارکیٹ میں منفی رجحان کا اثرعمومی انڈیکس کی حرکت پر پڑا اور سرمایہ کاروں میں محتاط رویہ دیکھنے کو ملا ہے۔
مالیاتی تجزیہ کار عادل الحویل نے کہا ہے کہ ’عمومی انڈیکس کا 11 ہزار پوائنٹس کی سطح پر برقرار رہنا مستقبل میں مارکیٹ کی سمت متعین کرنے میں ایک اہم عنصر ہے‘۔
ان کا کہنا ہے کہ ’اگر یہ سطح برقرار رہی تو انڈیکس گزشتہ ہفتے حاصل کی گئی کامیابیاں دوبارہ حاصل کر سکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ کمی ان بڑے شعبوں پر فروخت کے دباؤ کے باعث آئی ہے جبکہ مارکیٹ اس وقت مختلف النوع اتار چڑھاؤ کا سامنا کر رہی ہے جو تکنیکی عوامل اور علاقائی و عالمی اقتصادی حالات سے متاثر ہو رہے ہیں‘۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ آئندہ مدت میں مارکیٹ کا انحصار کئی عوامل پر ہوگا جن میں سرِفہرست درج شدہ کمپنیوں کے نتائج، سرمایہ کاری کی نقدی کا رخ اور مارکیٹ میں کاروباری اعتماد کے اشاریے شامل ہیں۔