Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: ’پاکستان سیدھا فائنل میں جائے گا‘

اس سے پہلے بھی انڈیا نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے معذرت کر لی تھی (فوٹو: ڈبلیو سی ایل)
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025 میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کرنے کے بعد انڈیا اور پاکستان دوبارہ سیمی فائنل میں آمنے سامنے آگئی ہیں۔
انگلینڈ میں جاری ڈبلیو سی ایل میں پاکستان پہلے ہی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ منگل کو ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر انڈیا نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
انڈین میڈیا کے مطابق انڈیا چیمپئنز نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل نہ کھیلنے کا انتخاب کرتے ہوئے ٹورنامنٹ سے دستبرادر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز نے اب تک ان خبروں کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی ہے۔
دوسری جانب ایونٹ کے سپانسرز میں سے ایک ’ایزی مائی ٹرپ‘ پہلے ہی انڈیا اور پاکستان کے سیمی فائنل سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر چکا ہے۔
بارڈر کی دونوں اطراف سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انڈیا اور پاکستان کے سیمی فائنل پر ملے جُلے تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
ایکس صارف ویک لندن نے انڈیا کے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل نہ کھیلنے کی ایک خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسے کسی اقدام کا کوئی امکان نہیں، اگر انڈین ٹیم کے کھلاڑی ایسا کرنے کا سوچیں گے بھی تو انہیں مالی طور پر بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘ 
وجے نے سیمی فائنل کا بائیکاٹ کرنے والے سپانسر کو جواب میں لکھا کہ ’آپ نو قائم شدہ کاروباروں کے لیے ایک زبردست کیس سٹڈی ہیں، وطن پرستی صرف تب ہی نہیں دکھانا ہوتی جب آپ کو یہ محسوس ہو کہ آپ اس سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔‘
صارف عرفان نے لکھا کہ ’پاکستان سیدھا فائنل میں جائے گا کیونکہ انڈیا میچ ہی نہیں کھلیے گا۔‘
ڈاکٹر فہیم احمد نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان بس شاہد آفریدی کی ٹیم میں شمولیت کو یقینی بنائے، انڈیا خود بخود دوبارہ اپنے دیش بھگتی والے بیانیے پر آجائے گا۔‘
محمد زبیر نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری قوم کے ساتھ یکجہتی کے طور پر ’ایزی ٹرپ‘ اور ’نشان پٹی‘ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈ کو سپانسر کر رہی ہے۔‘

شیئر: