Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کے ساتھ ٹیرف معاہدہ، ’پاکستانی برآمدات کے لیے نئی راہیں کُھلیں گی‘

بیان کے مطابق امریکی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات پر 19 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا (فوٹو: مائرسک شپنگ کمپنی)
پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ٹیرف معاہدہ پاکستانی برآمدات کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔
جمعے کو پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت پاکستان امریکہ کے ساتھ ٹیرف کے حوالے سے مذاکرات کے کامیاب اختتام کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہی ہے۔‘
بیان کے مطابق مذاکرات میں طے پایا ہے کہ امریکی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات پر 19 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا۔
’یہ فیصلہ امریکی حکام کی جانب سے متوازن اور مستقبل کے حوالے سے سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو سپورٹ ملنے کی توقع ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ حالیہ اقدام امریکی مارکیٹ میں پاکستان کو اپنی جگہ بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
’اب پاکستانی برآمد کنندگان اور تجارتی اداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس پیش رفت سے فائدہ اُٹھانے کے لیے ایک جارحانہ اور مرکوز مارکیٹنگ کی حکمت عملی اختیار کریں۔‘
وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکسٹائل کے علاوہ، دیگر شعبوں میں ترقی کے خاطر خواہ امکانات موجود ہیں۔ حکومت پالیسی سپورٹ، مارکیٹ انٹیلی جنس، اور تجارتی فروغ کے اقدامات کے ذریعے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
’حکومتِ پاکستان سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، کرپٹو کرنسی، کانوں اور معدنیات، توانائی اور دیگر اُبھرتے ہوئے شعبوں میں امریکہ کے ساتھ مزید مثبت روابط اور گہرے تعاون کی منتظر ہے۔‘

وزارت خزانہ کے مطابق امریکی اقدام سے ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو سپورٹ ملنے کی توقع ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقتصادی ترقی اور باہمی خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے صدر ٹرمپ اور امریکی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھے گا۔

جنوبی ایشیائی ممالک میں سے پاکستان پر کم ترین ٹیرف

جنوبی ایشیائی ممالک میں سے پاکستان پر کم ترین ٹیرف عائد کیا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش سے درآمدات پر 20 فیصد لاگو ہو گا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکہ کی طرف سے پاکستان پر ٹیرف 29 فیصد سے کم کر کے 19 فیصد کرنے کے اعلان پر پہلے ہی بڑے پیمانے پر منایا جا رہا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر ایک بیان میں ’صدر (ڈونلڈ) ٹرمپ کا تہہ دل سے شکریہ‘ ادا کیا۔
ٹیرف میں کمی کے اعلان کے بعد پاکستان نے بیرون ممالک سے آن لائن منگوائی جانے والی مختلف اشیاء پر عائد پانچ فیصد ’ڈیجیٹل پریزنس پروسیڈز ٹیکس‘ ختم کر دیا ہے۔
اس اقدام کو مقامی طور پر امریکہ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
جنوبی ایشیا کے اہم حریف ممالک میں سے پاکستان پر 19 فیصد جبکہ انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد ہونے کو اسلام آباد اپنی ’سفارتی کامیابی‘ قرار دے رہا ہے۔
پاکستانی ٹیکسٹائل کے لیے امریکہ سب سے بڑی مارکیٹ ہے جس کا براہ راست مقابلہ انڈیا، بنگلہ دیش اور ویتنام سے ہے جن پر زیادہ ٹیرف عائد کیے گئے ہیں۔ اس اعلان سے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ ملنے کی امید ہے جو ملک کی کل برآمدات کا تقریباً 60 فیصد ہے۔

 

شیئر: