Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مزید طاقت سے واپس آؤں گا‘، نوجوان کنٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل

طلحہ احمد محض ایک سال میں ہی شہرت کی بلندی کو پہنچے اور انسٹاگرام پر ان کے لاکھوں فالوورز ہیں۔ (فوٹو: طلحہ احمد)
پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کنٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کی شب طلحہ احمد نے اپنے فیس بک پیج پر ایک سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ 
انسٹاگرام کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق ان کا اکاؤنٹ 21 اگست 2025 کو معطل کیا گیا اور اگر 180 دن کے اندر اپیل نہ کی گئی تو ان کا اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے غیرفعال کر دیا جائے گا۔
طلحہ احمد نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’میں مزید مضبوط ہو کر واپس آؤں گا۔‘
اس پوسٹ پر ان کے مداح کمنٹس میں حیرانی اور افسوس کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔ متعدد لوگوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ طلحہ کے اکاؤنٹ معطلی کی وجہ گورنر سندھ مرتضیٰ وہاب ہیں، کیونکہ ان کی آخری ویڈیو میں طلحہ نے کراچی کی سیلابی صورتحال کا ذکر کیا تھا۔

کچھ صارفین یہ بھی کہتے دکھائی دیے کہ آپ کو ہم نے کہا تھا کہ خیال کریں، اور کچھ نے یہ بھی لکھا کہ آپ نے بہت اچھا کام کیا ہے لوگوں کو جلن تو ہوگی۔

طلحہ کے مداح یہ بھی کہتے نظر آئے کہ اب سے آپ کا عروج شروع ہو چکا ہے۔

واضح رہے طلحہ نے محض ایک سال کے اندر انسٹاگرام پر لاکھوں فالورز بنا لیے تھے۔
طلحہ احمد کا شمار ان چند نوجوانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم وقت میں اپنی پہچان بنائی۔ انہوں نے جولائی 2024 میں کنٹینٹ کریئیٹر کے طور پر سفر شروع کیا۔
شروع میں وقفے وقفے سے ویڈیوز بناتے رہے لیکن 2025 میں انہوں نے مستقل مزاجی سے کام کرنا شروع کیا۔ اپنی ویڈیوز میں وہ روزمرہ کے مسائل اور حالات کو مزاحیہ مگر سبق آموز انداز میں پیش کرتے ہیں۔
ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ خود ہی اپنی ویڈیوز میں مختلف کردار ادا کرتے ہیں۔
طلحہ کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں کے غیرحساس اور سطحی مواد پر ہلکی پھلکی طنز کرتے ہیں اور لوگوں کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ تفریح کے ساتھ ساتھ ایک مثبت پیغام دینا بھی ضروری ہے۔
حال ہی میں عرب نیوز پاکستان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں طلحہ احمد نے کہا ’میں نے اپنی کنٹینٹ کریئشن کی شروعات ایک عام فون سے کی۔ اپنا ذاتی فون بھی نہیں تھا، کبھی بہن کا فون لے لیتا تھا۔ میری زیادہ تر بہترین ویڈیوز عام فون پر بنی ہیں۔ اب جا کر میں  نئے آلات خریدنے کا سوچ رہا ہوں۔ میرا مقصد ایسا دوستانہ مواد بنانا ہے جو سب کو پسند آئے اور سب خود کو اس میں دیکھ سکیں۔‘
ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ طلحہ نے بہت محدود وسائل کے ساتھ سفر شروع کیا، لیکن ان کی محنت اور لگن نے انہیں کامیاب بنایا۔
طلحہ احمد کی زندگی کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ وہ تھیلیسیمیا کے مریض ہیں۔ لیکن انہوں نے اپنی بیماری کو اپنی پہچان نہیں بننے دیا۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کنٹینٹ کریئشن جاری رکھی اور آج ان کی پہچان ان کا کام ہے۔
انہوں نے کہا ’میں نے اپنی بیماری کو کبھی اپنی کمزوری نہیں بنایا۔ میرا کام ہی میری پہچان ہے، نہ کہ میری بیماری۔‘
طلحہ احمد کے مداح ان کی ہمت، تخلیقی صلاحیت اور اردو زبان پر گرفت کو سراہتے ہیں۔ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ معطل ہونا یقیناً ایک رکاوٹ ہے، لیکن سوشل میڈیا پر ان کے مداح ہہ کہتے نظر آئے کہ کہ یہ صرف ایک وقتی مرحلہ ہے اور طلحہ احمد کی اصل پہچان ان کی محنت اور ان کا فن ہے۔

شیئر: