Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ گلیکسی ایس 26 کے نئے لیکس میں صارفین کے لیے کیا خوشخبری ہو سکتی ہے؟

’سام سنگ گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ میں 60 واٹ کی فاسٹ چارجنگ دستیاب ہوگی (فوٹو: ریڈ اٹ)
’سام سنگ‘ کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلیگ شپ موبائل سیریز ’سام سنگ گلیکسی ایس 26‘ سے متعلق ایک لیک سامنے آئی ہے جس میں اس کی قیمت اور متوقع لانچنگ تاریخ بتائی گئی ہے۔
ویب سائٹ ’ٹیک ریڈار‘ کے مطابق معروف ٹِپسٹر یونیورسیل نے بتایا ہے کہ ’سام سانگ 25 فروری کو سان فرانسسکو میں ایک لانچ ایونٹ کے دوران گلیکسی ایس26 سیریز متعارف کرا سکتا ہے۔‘
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ فونز مارچ کے آغاز میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔
یہ اطلاعات پہلے سامنے آنے والی افواہوں سے بھی مطابقت رکھتی ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ ’سام سنگ‘ فروری میں فونز متعارف کرائے گا اور مارچ میں ان کی فروخت شروع ہوگی جس سے ان خبروں پر اعتماد مزید بڑھ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ’گلیکسی ایس 25‘ سیریز جنوری 2025 میں لانچ کی گئی تھی تاہم رپورٹس کے مطابق کچھ پیداواری مسائل اور ’گلیکسی ایس 26‘ ایج ماڈل کو منسوخ کرنے کے فیصلے کے باعث کمپنی نے 2026 کے لانچنگ شیڈول میں تاخیر کی ہے۔
اگرچہ صارفین کو ’گلیکسی ایس26‘ کے لیے ایک سے دو ماہ اضافی انتظار کرنا پڑ سکتا ہے لیکن قیمتوں کے حوالے سے خبر خاصی حوصلہ افزا ہے۔
جنوبی کوریا کے بزنس اخبار ’میئل بزنس‘ کے مطابق ’سام سنگ‘ نے مارکیٹ میں مقابلہ برقرار رکھنے کے لیے ’گلیکسی ایس26‘ سیریز کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ٹیرف، پیداواری لاگت اور کرنسی میں اتار چڑھاؤ کے باعث فونز مہنگے ہو سکتے ہیں تاہم تازہ رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا امکان نہیں۔
اگر قیمتیں برقرار رہتی ہیں تو ’گلیکسی ایس26‘ سیریز کی متوقع ابتدائی قیمتیں کچھ یوں ہوں گی۔ ’گلیکسی ایس 26‘ کا سٹینڈرڈ ماڈل 799 ڈالر میں دستیاب ہوگا جبکہ پلس ماڈل کی قیمت 999 ڈالر ہوگی۔
اسی طرح ٹاپ ماڈل ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ صارفین کو ایک ہزار 299 ڈالرز میں ملنے کا امکان ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ قیمتیں سنہ 2025 میں لانچ ہونے والی ’گلیکسی ایس25‘ سیریز کی ابتدائی قیمتوں کے برابر ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’سام سنگ‘ نے اس بار بھی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ قیمتوں میں یہ تسلسل سام سنگ کے فولڈیبل فونز تک بھی بڑھایا جا سکتا ہے اور رواں سال کے آخر میں متوقع ’گلیکسی زی فولڈ سیون‘ اور ’گلیکسی زی فلپ سیون‘ بھی ممکنہ طور پر بغیر قیمت اضافے کے متعارف کرائے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق اگر ’سام سنگ‘ واقعی قیمتیں برقرار رکھنے میں کامیاب رہتا ہے تو یہ قدم صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور کمپنی کو عالمی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط رکھنے میں مدد ملے گی۔

شیئر: