Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہونڈا نے سِوک کا نیا ماڈل لانچ کر دیا، ’محدود مدت کے لیے‘ قیمت کیا ہے؟

کمپنی کے مطابق نئی سِوک لائن اپ میں ہلکا سا فیس لفٹ دیا گیا ہے (فوٹو: ہونڈا)
ہونڈا نے پاکستان میں اپنی مقبول گاڑی سِوک کے نئے ماڈلز کی محدود مدت کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان کمپنی کی جانب سے اپڈیٹڈ سِوک ماڈلز کی بکنگ کھولنے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔
ہونڈا کے مطابق سِوک کے بیس ماڈل کی قیمت 84 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ سِوک اوریل کی قیمت 88 لاکھ 34 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق ٹاپ ویریئنٹ سِوک آر ایس صارفین کو ایک کروڑ ایک لاکھ روپے میں دستیاب ہو گی۔
اس سے قبل ہونڈا نے نئی سِوک سیریز کی بکنگ بھی کھول دی تھی جس کے لیے بکنگ کی رقم میں بھی نظرثانی کی گئی ہے۔ کمپنی نے سِوک کے لیے بکنگ رقم 13 لاکھ روپے، سِوک اوریل کے لیے 14 لاکھ روپے اور سِوک آر ایس کے لیے 16 لاکھ روپے مقرر کی ہے۔
ہونڈا کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ نئی سِوک لائن اپ میں ہلکا سا فیس لفٹ دیا گیا ہے جبکہ تمام ویریئنٹس میں نئے اور جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ قیمتیں تعارفی ہیں اور محدود وقت کے لیے پیش کی جا رہی ہیں جو مقررہ شرائط و ضوابط کے تحت لاگو ہوں گی۔
کمپنی نے تعارفی قیمتوں کی مدت کے حوالے سے کوئی واضح تاریخ نہیں بتائی تاہم صارفین کو جلد بکنگ کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ہونڈا سِوک پاکستان میں ایک طویل عرصے سے مقبول گاڑی سمجھی جاتی ہے جسے مقامی آٹو موبائل کمپنی اٹلس ہونڈا تیار کرتی ہے۔ عالمی سطح پر 1972 میں لانچ ہونے والی سِوک اب تک کئی جنریشنز سے گزر چکی ہے، جن میں ہر نئی جنریشن کے ساتھ ڈیزائن، انجن اور سہولیات میں بہتری کی گئی۔
پاک ویلز کے مطابق سِوک کی دوسری جنریشن سنہ 1979 میں متعارف کرائی گئی تھی جس میں زیادہ کشادہ انٹیریئر اور بہتر انجن پاور دی گئی۔ سنہ 1983 میں آنے والی تیسری جنریشن نے اپنی مضبوط ساخت اور آرام دہ ڈیزائن کے باعث جاپان کار آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کیا۔
سنہ 1991 میں متعارف ہونے والی پانچویں جنریشن اُس وقت ہونڈا کی سب سے زیادہ فیول ایفیشنٹ گاڑی تھی جسے جاپان کار آف دی ایئر کا اعزاز بھی دیا گیا۔
ہونڈا سوک کی چھٹی جنریشن جسے کے ای بھی کہا جاتا ہے، پاکستان میں خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ پہلی ہونڈا سِوک تھی جو مقامی طور پر اسمبل کی گئی۔ اگرچہ عالمی مارکیٹ میں یہ مختلف باڈی سٹائلز میں دستیاب تھی تاہم پاکستان میں صرف سیڈان ماڈل متعارف کروایا گیا
سنہ 2006 میں پاکستان آنے والی آٹھویں جنریشن کو سِوک ریبورن کے نام سے غیر معمولی مقبولیت ملی جس میں 1.8 لیٹر کا طاقتور انجن دیا گیا تھا۔
اس کے بعد سنہ 2016 میں لانچ ہونے والی دسویں جنریشن سِوک ایکس کو جدید ڈیزائن اور سپورٹی فیچرز کے باعث پسند کیا گیا جبکہ موجودہ گیارہویں جنریشن سِوک 5 مارچ 2022 کو پاکستان میں متعارف ہوئی جو آج بھی پاکستانی آٹو مارکیٹ میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔

شیئر: