Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر پر اسرائیلی حملہ، عرب اسلامی ردعمل پر تبادلہ خیال کے لیے دوحہ میں سربراہی اجلاس

بیان کے مطابق اجلاس میں اسرائیلی حملے اور حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے معاملے پر غور کیا جائے گا (فوٹو: روئٹرز)
قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ میں ہونے والے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں خلیجی ریاست کے خلاف اسرائیلی حملے کے حوالے سے ایک قرارداد کے مسودے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے قطر نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس سربراہی اجلاس میں قطر پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے ایک قرارداد پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ یہ قرارداد عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ نے جمع کرائی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے کہا کہ ’اس وقت عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد اپنی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ بزدلانہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے قطر کی ریاست کے ساتھ وسیع عرب اور اسلامی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔‘
وزارت خارجہ نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دوحہ ایک غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں اسرائیلی حملے اور حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
وزرائے خارجہ کا ابتدائی اجلاس اتوار کو ہوگا جبکہ اس کے بعد سربراہی اجلاس پیر کو بلایا جائے گا۔

 

شیئر: