ساما نے ریپو اور ریپو ریوس کی شرح میں 25 پوائنٹ کمی کردی
جمعرات 18 ستمبر 2025 10:18
’یہ فیصلہ عالمی حالات کی روشنی میں اور بینک کے اہداف کے تحت کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی مرکزی بینک ’ساما‘ نے ریپو ریٹ میں 25 بیسز پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے اسے 4.75 فیصد کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ساما نے ریورس ریپو ریٹ میں بھی 25 بیسز پوائنٹس کی کمی کرکے اسے 4.25 فیصد مقرر کردیا ہے۔
یہ فیصلہ عالمی حالات کی روشنی میں اور بینک کے اس ہدف کے تحت کیا گیا ہے کہ مالیاتی استحکام کو برقرار رکھا جائے۔
واضح رہے کہ ریپو ریٹ Repo Rate ایک مالیاتی پالیسی کی شرح ہے جس پر مرکزی بینک کمرشل بینکوں کو قلیل مدتی قرضے فراہم کرتا ہے۔
یعنی جب بینکوں کو فوری طور پر نقد رقم کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ مرکزی بینک سے یہ رقم ریپو ریٹ پر حاصل کرتے ہیں۔
اگر ریپو ریٹ زیادہ ہو تو بینکوں کے لیے قرض مہنگا ہوگا، مارکیٹ میں پیسہ کم گردش کرے گا اور مہنگائی کم ہو سکتی ہے۔
اسی طرح اگر ریپو ریٹ کم ہوگا تو بینکوں کے لیے قرض سستا ہوگا، مارکیٹ میں پیسہ زیادہ آئے گا اور سرمایہ کاری اور کاروبار بڑھے گا۔