Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیلا یا سیب، وزن کم کرنے میں کون سا پھل زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے؟

کیلا اور سیب غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ (فائل فوٹو: فری پک)
وزن کم کرنا ایک ایسا سفر ہے جو صبر، مستقل مزاجی اور جسم کے لیے درست غذا کا تقاضا کرتا ہے۔ اس سفر میں جب بات ہلکی پھلکی غذا کی آتی ہے تو دو پھل نمایاں حیثیت رکھتے ہیں: کیلا اور سیب۔ چاہے آپ گھر پر ورزش کے بعد کیلے کو سموتھی میں شامل کریں یا سیب والا دلیہ کھائیں، یہ دونوں پھل غذائیت سے بھرپور ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے کون سا پھل زیادہ مؤثر ہے؟ فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے لے کر کیلوریز اور چینی کی مقدار تک، ہم دونوں پھلوں کا موازنہ کریں گے تاکہ آپ بہتر فیصلہ کر سکیں کہ آپ کے ڈائٹ پلان میں کون سا پھل شامل ہونا چاہیے۔

کیلے کے فوائد کیا ہیں؟

1: پوٹاشیم سے بھرپور
کیلا جسم کے لیے کسی سپر ہیرو سے کم نہیں، کیونکہ اس میں موجود پوٹاشیم دل کی صحت کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی تحقیق کے مطابق پوٹاشیم فالج اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
2: فائبر کا بہترین ذریعہ
کیلا فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو نظامِ انہضام کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود فائبر ہاضمے کے عمل کو سست کرتا ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو یکدم بڑھنے سے روکتا ہے، یوں طویل عرصے تک پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
3: بطور سنیک استعمال
کیلے کو ایک مکمل اور فوری سنیک قرار دیا جا سکتا ہے، بس اٹھائیں اور کھا لیں! یہ نہ صرف فوری توانائی کے لیے موزوں ہے بلکہ ورزش کے بعد اسے کھانا کافی مفید ہے۔ اس کے علاوہ کیلے کی قیمت بھی نہایت مناسب ہوتی ہے اور یہ تقریباً ہر جگہ باآسانی دستیاب ہوتا ہے۔

کیلا فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو نظامِ انہضام کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ (فائل فوٹو: فری پک)

سیب کے فوائد کیا ہیں؟

1: فائبر سے بھرپور
سیب فائبر کا خزانہ ہے جو نہ صرف دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہونے دیتا بلکہ ذہنی توجہ برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ جرنل آف نیوٹریشن میں شائع شدہ ایک تحقیق کے مطابق فائبر سے بھرپور غذا کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
2: اینٹی آکسیڈنٹس سے لبریز
سیب میں قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس جیسے کوارسیٹن اور کیٹیچنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو جسم کو آکسیڈیٹیو سٹریس اور سوزش سے بچاتے ہیں۔
3: آنتوں کے لیے مفید
سیب میں موجود پری بایوٹک فائبر آنتوں میں موجود فائدہ مند بیکٹیریا کی نشوونما کو فروغ دیتا ہے، جس سے آنتوں کی صحت برقرار رہتی ہے۔ ایک صحت مند معدہ نہ صرف ہاضمے کے لیے ضروری ہے بلکہ مدافعتی نظام اور عمومی تندرستی کے لیے بھی بے حد اہم ہے۔

سیب میں قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس جیسے کوارسیٹن اور کیٹیچنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ (فائل فوٹو: پکسابے)

وزن کم کرنے کے لیے کون سا پھل بہتر ہے؟

کیلا اور سیب دونوں ہی وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، تاہم سیب کو معمولی برتری حاصل ہے۔
کم کیلوریز اور نسبتاً زیادہ فائبر کے باعث سیب دیر تک پیٹ بھرا رکھنے میں مدد دیتا ہے، جو وزن پر قابو پانے کے لیے مؤثر ہے۔ دوسری جانب کیلا پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے جو بہتر ہاضمے کے لیے فائدہ مند ہے۔

 

شیئر: