Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی ٹیکسی اورغیرقانونی ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاون شروع

تفتیشی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر گراونڈ میں کام کررہی ہیں (فوٹو، ایس پی اے )
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے مملکت کے مختلف شہروں اور علاقوں میں ٹرانسپورٹ ضوابط پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے ۔
عاجل نیوز کے مطابق اتھارٹی کی تفتیشی ٹیمیں مختلف شہروں کے ہوائی اڈوں اور دیگر مقامات پرمتعین ہیں جو غیرقانونی طورپر ’پرائیوٹ کاروں‘ میں سواریاں اٹھانے والوں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ مختلف تفتیشی ٹیمیں متعلقہ اداروں کے تعاون سے مستقل بنیادوں پر گراونڈ میں فعال ہیں تاکہ  نقل و حمل کے ضوابط پرعمل نہ کرنےوالوں کا محاسبہ کیا جائے۔
اتھارٹی کی جانب سے عام لوگوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وسائل نقل و حمل کے لیے پرمٹ یافتہ ٹرانسپورٹ کی خدمات ہی حاصل کریں تاکہ اپنے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا سکیں۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے ٹیکسی سروس کے حوالے سے ضوابط میں ترمیم کی تھی جس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
نئے ضوابط کے تحت پرمٹ کے بغیر ٹیکسی سروس غیرقانونی عمل  ہے ایسا کرنے والے پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ اور گاڑی 60 دن تک پولیس یارڈ میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔
علاوہ ازیں وہی خلاف ورزی دھرائے جانے کی صورت میں سزا میں بھی اضافہ کرتے ہوئے ضبط کی جانے والی گاڑی کو نیلام اور خلاف ورزی کے مرتکب غیرملکی ہونے کی صورت میں اسے ملک بدر بھی کیا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں ائیرپورٹ پر خلاف ورزی کے حوالے سے انتباہی نوٹسز چسپاں کیے تھے(فوٹو، ایکس )

خیال رہے ٹرانسپورٹ قوانین کے مطابق ایسے افراد جو نجی گاڑیوں کو ٹیکسی کے طورپر استعمال کرتے ہیں وہ قانون کی خلاف روزی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔
قبل ازیں ایئرپورٹس پر اس حوالے سے انتباہی نوٹسز چسپاں کیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ غیرقانونی طورپر مسافروں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی صورت میں 5 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔

 

 

شیئر: