’انڈیا سے پہلے پاکستان نے کام کر دیا‘، پہلگام حملے پر بنی پاکستانی فلم ’بے گناہ‘ کیا بتاتی ہے؟
’انڈیا سے پہلے پاکستان نے کام کر دیا‘، پہلگام حملے پر بنی پاکستانی فلم ’بے گناہ‘ کیا بتاتی ہے؟
بدھ 1 اکتوبر 2025 13:28
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پہلگام حملے پر بنائے گئی پاکستانی فلم ’بے گناہ‘ کی ہدایت کاری شمعون عابسی نے کی ہے۔ (فوٹو: گرین انٹرٹینمنٹ)
رواں برس اپریل میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے پہلے سے کشیدہ تعلقات ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیوں تک پہنچ گئے۔
اس واقعے کے بعد مئی میں دونوں ملکوں میں جھڑپوں کے بعد بھی یہ تلخی جہاں کھیل کے میدان میں دکھائی دے رہی ہے وہیں اب دونوں جانب شوبز انڈسٹری بھی میدان میں آ گئی ہے۔
اب اسی تناظر میں پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری نے ایک ٹیلی فلم ’بے گناہ‘ کا ٹیزر جاری کیا ہے، جسے سوشل میڈیا پر کافی توجہ مل رہی ہے۔
اس فلم کا موضوع پہلگام واقعہ اور اُس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال ہے۔
گرین اینٹرٹینمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ ’ایک سازش کے تحت انڈین سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا اور اس کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال دی گئی، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی‘۔
فلم کے ٹیزر میں کچھ اہم ڈائیلاگز کی نمائش کی گئی ہے جیسے کہ ’مودی جی الیکشن لڑنے والے ہیں اور ان کا ووٹ بینک کم ہے، اٹیک کے بعد چیخ و پکار شروع ہوگی میڈیا وہاں موجود ہوگا جو لوگوں کی ویڈیوز بنا لے گا، اس کو فلم کے سکرپٹ کی طرح سمجھیں، اگر دنیا یقین کر لیتی ہے کہ یہ پاکستان نے کیا ہے تو یہ پاکستان نے ہی کیا ہے۔‘
ایک اور سین میں اداکار کو بولتے ہوئے دکھایا گیا کہ ’فوٹیج جو انڈین میڈیا پر چل رہی تھی وہ کسی پروفیشنل فوٹوگرافر نے بنائی ہے۔‘
پہلگام واقعہ، پھر انڈیا کے آپریشن سندور کے دعوے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی جنگی صورتحال سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا اور سفارتی تعلقات کو بڑا دھچکا بھی پہنچا۔
دوسری جانب انڈین اور پاکساتنی سوشل میڈیا صارفین آج بھی انٹرنیٹ پر اس حوالے سے بحث مباحثوں میں ملوث دیکھے جاتے ہیں۔
یہ بات بھی قابل غور ہے کہ انڈیا اپنی فلموں میں پاکستان مخالف بیانے کو ’وار فلمز‘ میں بڑھا چڑھا کر پیش کرتا آیا ہے اور پاکستان کی لالی وڈ انڈسٹری نے فلم ’بے گناہ‘ کو جواب کے طور پر بنایا ہے۔
یوٹیوب پر فلم کے ٹیزر ویڈیو کے نیچے کمنٹس پر نظر دوڑائی جائے تو پاکستانی صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ ’اس فلم کی بہت ضرورت تھی، یہ بہت اچھا کام کیا کہ انڈیا سے پہلے پاکستان نے فلم بنا کر دنیا کو واقعے کے بارے میں آگاہ کیا۔‘
ایک صارف نے یہ بھی لکھا کہ ’کئی برس سے ہم انڈیا کی جانب سے بنائی گئی فلموں کی یک طرفہ کہانیاں دیکھ رہے ہیں، آخر خار کچھ نیا اور بہتر دیکھنے کو ملے گا، ہم اس فلم کے لیے پرجوش ہیں۔‘
اس فلم کے ہدایت کار و اداکار شمعون عباسی ہیں جبکہ کہانی علی موئن اور عرفان چندیو نے تحریر کی ہے۔ اداکاروں میں نازش جہانگیر، کامران جیلانی، حسن نیازی، حماد فاروقی اور سلیم شیخ شامل ہیں۔
فلم سازوں کے مطابق اس پروجیکٹ کا مقصد ’واقعات کے اصل حقائق‘ سامنے لانا اور دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ پَہلگام حملہ کس طرح ایک فالس فلیگ آپریشن کے طور پر پیش کیا گیا۔