روہت شرما کی چُھٹی: دورۂ آسٹریلیا کے لیے شبھمن گِل انڈیا کی ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر
روہت شرما اور وراٹ کوہلی ونڈے سکواڈ میں شامل ہیں (فوٹو: آئی سی سی)
انڈیا کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان کو تبدیل کرتے ہوئے روہت شرما کی جگہ شبھمن گل کو قیادت سونپ دی گئی ہے۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے اوپنر شبھمن گل کو کپتان مقرر کیا گیا ہے جو سینیئر بلے باز روہت شرما کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
بورڈ کے مطابق ’دورے کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ ٹیم میں نوجوان قیادت کے ساتھ تجربے کا توازن بھی قائم رہے۔‘
شریاس آیئر کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دیا گیا ہے جبکہ نوجوان بلے باز یشاسوی جیسوال کو ٹی20 کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد دوبارہ ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچز 19 سے 25 اکتوبر تک سڈنی، ایڈیلیڈ اور میلبرن میں کھیلے جائیں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچز کی ٹی20 سیریز بھی شیڈول ہے۔
ون ڈے سکواڈ
شبھمن گل (کپتان)، روہت شرما، وراٹ کوہلی، شریاس آیئر (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، ہرشت رانا، محمد سراج، ارشدیپ سنگھ، پرسِدھ کرشنا، دھرو جورل (وکٹ کیپر) اور یشاسوی جیسوال ایک روزہ سکواڈ میں شامل ہیں۔
ٹی20 سکواڈ
سوریا کمار یادیو (کپتان)، شبھمن گِل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، نتیش کمار ریڈی، شِیوم دوبے، اکشر پٹیل، جتیش شرما (وکٹ کیپر)، ورن چکرورتی، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو، ہرشت رانا، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، رِنکو سنگھ، واشنگٹن سندر ٹی20 سکواڈ کا حصہ ہیں۔
