انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 کرکٹ کی تازہ رینکنگ جاری کردی ہے۔
بدھ کو جاری کی گئی ٹی20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کے صائم ایوب نے انڈیا کے ہاردک پانڈیا کو پیچھے دھکیلتے ہوئے نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست، ایشیا کپ 9ویں مرتبہ انڈیا کے نامNode ID: 895150
ہاردک پانڈیا جو اس سے پہلے دنیا کے نمبر ون ٹی 20 آل راؤنڈر تھے اب فہرست میں دوسرے نمبر پر آچکے ہیں جبکہ صائم ایوب جن کا ایشیا کپ 2025 انتہائی مایوس کن رہا نے رینکنگ میں چار درجے ترقی کی ہے۔
اس وقت صائم ایوب کے 241 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ دوسری جانب ہاردک پانڈیا، جو ایشیا کپ کا فائنل انجری کی وجہ سے نہیں کھیل پائے، کے 233 پوائنٹس ہیں۔
عام طور پر پاکستان کو صائم ایوب سے بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کی توقع ہوتی ہے، لیکن اس مرتبہ ایشیا کپ میں وہ مکمل طور پر ناکام رہے۔ انہوں نے سات اننگز میں صرف 37 رنز بنائے جن میں چار مرتبہ وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم حیران کن طور پر وہ بولنگ میں پاکستان کے سب سے نمایاں کھلاڑی ثابت ہوئے۔
اکثر پاور پلے میں بہترین بیٹر تصور کیے جانے والے ایوب نے اپنی سپن بولنگ سے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے صرف 16 کی اوسط اور 6.40 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ سات میچوں میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
آئی سی سی نے ان کی اس کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں رینکنگ میں نمایاں ترقی دی ہے۔
اس کے برعکس ہاردک پانڈیا، جو فائنل انجری کی وجہ سے نہ کھیل سکے، اپنی رینکنگ میں تنزلی کا شکار ہوئے۔ ایشیا کپ میں ان کی کارکردگی اوسط درجے کی رہی، بیٹنگ میں انہیں زیادہ موقع نہ ملا جبکہ بولنگ میں انہوں نے چھ میچوں میں صرف چار وکٹیں حاصل کیں اور 8.57 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ کافی مہنگے ثابت ہوئے، جس کی وجہ سے ان کی پوزیشن نیچے گئی۔
صائم ایوب کی بہتر بولنگ نے انہیں رینگنگ میں چار درجے ترقی تو دلائی مگر بیٹنگ کے لیے پہچانے جانے والے کھلاڑی کی اس ترقی کے بعد بھی انہیں خراب بیٹنگ کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مرزا لال بیگ نامی صارف نے فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے ایک مشہور فلمی ڈائیلاگ لکھا ’کمپنی کا دیوالیہ نکل گیا مگر پھر بھی منافع میں چل رہی ہے۔‘
وجاحت کاظمی نے ایکس پر پوسٹ کی اور کہا ’آئی سی سی کا رینکنگ نظام اتنا خراب ہے کہ صائم ایوب نمبر ون پر آگئے۔‘
ICC ranking system is so broken that Saim Ayub has become the number 1 all-rounder in T20I rankings. pic.twitter.com/mGlhglojwW
— Wajahat Kazmi (@KazmiWajahat) October 1, 2025