اتوار کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے ٹاس جیت کر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق اور امام الحق کریز پر اترے۔
پاکستان کو پہلا نقصان عبداللہ شفیق کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ محض دو رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد امام الحق اور کپتان شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 150 رنز کی شراکت قائم کی۔
امام الحق نے پُراعتماد انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 93 رنز بنائے جن میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کے ساتھ شان مسعود نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز کے ساتھ ٹیم کی بنیاد مضبوط کی۔
اس کے بعد ٹو ڈاؤن آنے والے سعود شکیل بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔
بابر اعظم صرف 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے (فوٹو: اے ایف پی)
تقریبا دو ماہ بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے بابر اعظم اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، وہ صرف 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یوں 199 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
پہلے روز کے اختتام پر محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران موتھوسامی نے دو جبکہ کاگیسو ربادا، پرینلان سبرائین اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، حسن علی، شاہین آفریدی، نعمان علی اور ساجد خان شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں ٹونی ڈی زورزی، ریان رکلٹن، ویان مولڈر، ایڈن مارکرام (کپتان)، ٹرسٹان سٹبس، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرین، سینوران موتھوسامی، پرینلان سبرائین، کاگیسو ربادا اور سائمن ہارمر شامل ہیں۔