Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج، بابر اور رضوان کی واپسی

میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا معرکہ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہو گا جبکہ پاکستان کی ٹیم میں بابر اعظم اور محمد رضوان بھی شامل ہیں۔
پاکستان اس سیریز کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے نئے سائیکل کا آغاز کر رہی ہے جبکہ جنوبی افریقہ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترے گی۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ون ڈے اور ٹی20 سیریز بھی شیڈول ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے مستقل کپتان ٹیمبا باووما کے ان فٹ ہونے کے باعث ایڈن مارکرم ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچز کی تاریخ

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک 30 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں جنوبی افریقہ نے 17 اور پاکستان نے چھ جیتے جب کہ سات مقابلے برابری پر ختم ہوئے۔
پاکستان میں دونوں ٹیموں کے درمیان نو ٹیسٹ میچز ہوئے جن میں میزبان ٹیم نے تین جبکہ مہمان ٹیم نے دو جیتے اور چار میچز ڈرا ہوئے۔
پاکستان میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2021 میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے دو- صفر سے جیتی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے کپتانوں کی پری میچ پریس کانفرنس

پاکستان کے کپتان شان مسعود نے لاہور میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہر ٹیم کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ چیمپئن شپ جیتے، ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ ہم اس سفر کا آغاز کامیابی کے ساتھ کریں۔ جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے، لیکن ہم اپنی ہوم کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں، جو ہمارے لیے فائدہ مند ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس مرتبہ پی سی بی نے ریڈ بال کرکٹ پر خاص توجہ دی ہے۔ کھلاڑیوں نے کاؤنٹی کرکٹ میں حصہ لیا اور طویل فارمیٹ کے لیے خصوصی کیمپ بھی لگائے گئے۔‘
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 20 وکٹیں حاصل کرنا ضروری ہے، اس لیے بولرز کا کردار فیصلہ کن ہوگا۔ ہم اپنی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔‘
کپتان نے مزید کہا کہ ’قذافی اسٹیڈیم کی نئی پچز کے لحاظ سے ٹیم کی کمبی نیشن تیار کی جا رہی ہے۔ ساجد خان ہمارے اہم سپنر ہیں، لیکن ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ہم پچ اور موسم کے مطابق سپن اور فاسٹ بولنگ کے درمیان توازن رکھیں گے۔‘
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں پاکستان کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک نیا چیلنج اور نیا آغاز ہے، تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔‘
بابر اعظم کے حوالے سے مارکرم نے کہا کہ ’بابر اعظم کسی تعارف کے محتاج نہیں، ان کی وکٹ ہمیشہ سب سے اہم ہوتی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اگر بابر کو جلد آؤٹ کر لیا تو پاکستان کی بیٹنگ لائن پر دباؤ بڑھایا جا سکتا ہے۔‘
مارکرم کا کہنا تھا کہ ’یہاں کی پچز سپنرز کے لیے مددگار ہوں گی، اس لیے ہم نے سپن کے خلاف اپنی تیاری پر خاص توجہ دی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیمبا باووما کی عدم موجودگی محسوس کی جائے گی، تاہم ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں عام، فرسٹ کلاس، پریمیئم اور وی آئی پی انکلوژرز میں شائقین کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔

پاکستان کا سکواڈ

پاکستان کے سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی، ابرار احمد، ساجد خان، خرم شہزاد، آصف آفریدی، روحیل نذیر اور کامران غلام شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کا سکواڈ

جنوبی افریقہ کے سکواڈ میں ایڈن مارکرم (کپتان)، ڈیوڈ بیڈنگھم، کوربن بوش، ڈیوالڈ بریوس، ٹونی ڈے زورزی، سائمن ہارمر، مارکو یانسن، ویان ملڈر، سینیورن متھوسامی، کاگیسو ربادا، رائن رِکلٹن (وکٹ کیپر)، ٹرسٹن سَبز، پرینیلن سُبراین، کائل ویریانے (وکٹ کیپر) اور زبیر حمزہ شامل ہیں۔

شیئر: