لاہور ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم آؤٹ، پاکستان کی اننگز جاری
منگل 14 اکتوبر 2025 10:20
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چھ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم 269 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد پاکستان کو دوسری اننگ میں 109 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں اس سے قبل پاکستان نے اپنی اننگ میں 378 رنز بنائے تھے۔
منگل کو تیسرے روز کے کھیل کے موقع پر جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اننگز کا آغاز 216 رنز اور چھ کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔
آغاز ٹونی ڈی ذورزی نے 81 اور سینورن متھوسوامی نے چھ رنز سے کیا، تاہم اگلے چند لمحوں میں وہ ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد ٹونی ڈی ذورزی نے اپنا سکور آگے بڑھاتے ہوئے سینچری مکمل کی تاہم اس کے فوراً بعد 104 رنز نعمان علی کی گیند پر شاہین آفریدی کو کیچ تھما بیٹھے۔
ان کے بعد آنے والے کگیسو ربادا کوئی رن نہ بنا پائے ان کو بھی ساجد خان نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چھ جبکہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی اور سلمان علی آغا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسرے روز کے کھیل میں پاکستان نے پیر کو اپنی پہلی نامکمل اننگ کا آغاز 313 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر کیا تھا اس وقت محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ کریز پر آئے، جس کے بعد پاکستان کا مجموعی سکور 378 تک پہنچا تھا۔
تاہم جلد ہی محمد رضواں 75 رنز پر سینوران متھوسامے کا شکار ہو گئے جبکہ اسی اوور میں ہی انہوں نے نعمان علی اور ساجد خان کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔
بعدازاں سلمان علی آغا 93 رنز پر آؤٹ ہو گئے، جن کے بعد آنے والے شاہین شاہ آفریدی سات رن ہی بنا پائے جبکہ حسن علی بغیر کسی رن کے ناٹ آؤٹ رہے۔
اتوار کو شروع ہونے والے اس میچ کا ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔