پہلا ٹیسٹ: پاکستان 378 رنز پر آل آؤٹ، جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز جاری
پیر 13 اکتوبر 2025 13:48
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر ختم ہو گئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر ختم ہو گئی ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنا لیے ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان ایڈین مارکم 37 گیندوں پر 20 رنز بنا پائے اور نعمان علی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ویان ملڈر بھی نعمان علی کا شکار بنے اور 41 گیندوں پر 17 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔
اس وقت ریان رکلٹن اور ٹونی ڈے زورزی کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی اننگز
جنوبی افریقہ کے سینوران متھوسامی نے پہلے سیشن کے دوسرے نصف میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کو ٹکنے نہ دیا اور ٹیم کی اننگز کو 378 رنز پر سمیٹ دیا۔
بائیں ہاتھ کے سپنر نے ایک اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں اور کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 117 رنز کے عوض 6 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ پاکستان کی آخری پانچ وکٹیں صرف 16 رنز کے اضافے پر گریں۔
پاکستان کی اننگز میں بڑا حصہ محمد رضوان اور سلمان علی آغا کا رہا، جن کی شراکت داری 163 رنز تک جا پہنچی تھی اورجب یہ شراکت داری ختم ہوئی تو وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔
پہلے دو اوورز محتاط انداز میں کھیلنے کے بعد، سلمان آغا نے سکور بنانے کا آغاز کیا۔ سپن سے کسی خاص خطرے کے آثار نظر نہیں آ رہے تھے اور پاکستان 400 کے ہندسے سے آگے بڑھنے کے لیے پُرعزم دکھائی دے رہا تھا۔
اسی دوران آغا نے ہارمر کو ایک اور چھکا رسید کیا اور متھوسامی کو چوکا جڑا جس کے ساتھ وہ اپنی سنچری کے قریب پہنچ رہے تھے۔
لیکن اچانک ہی وکٹوں کی بارش ہونے لگی۔ اضافی سپن اور باؤنس نے رضوان کے بلے کو چھوا اور وکٹ کیپر نے کیچ پکڑ کر ریکارڈ چھٹی وکٹ کی شراکت کا خاتمہ کر دیا۔
نئے آنے والے نعمان علی بولڈ ہو گئے۔ اننگز میں دوسری بار متھوسامی نے دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں، جب ساجد خان دفاعی انداز میں کھیلنے کی کوشش میں ایج دے بیٹھے اور ایڈن مارکرم نے سلپ پر کیچ تھام لیا۔
آغا اور شاہین شاہ آفریدی نے اگلے آدھے گھنٹے تک مزاحمت جاری رکھی، مگر شاہین کا جارحانہ انداز آڑے آگیا۔ وہ پچ کے نیچے اترے اور زور دار شاٹ کھیلنے کی کوشش میں متھوسامی کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
آغا، جو اپنی سنچری کے بالکل قریب تھے، خطرے میں آ گئے کہ کہیں وہ 100 سے پہلے آؤٹ نہ ہو جائیں، لہٰذا انہوں نے رفتار بڑھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے پرینیلن سبریئن کے خلاف شاٹ کھیلا، لیکن گیند سیدھی متھوسامی کے ہاتھوں میں باؤنڈری پر جا پہنچی، اور وہ امام الحق کی طرح سات رنز کی کمی سے سنچری سے محروم رہ گئے۔