مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موسمی الرٹ جاری
جمعرات 16 اکتوبر 2025 9:40
’جدہ اور رابغ میں شام 6 بجے تک گرد وغبار ہوگا اور افقی حد نگاہ متاثر رہے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نےملک کے 6 علاقوں کے لئے پیشگی موسمی الرٹ جاری کئے ہیں جن میں مختلف نوعیت کی موسمی تبدیلیوں سے خبردار کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ان تبدیلیوں میں ہلکی سے درمیانی بارشیں، تیز ہوائیں، اڑتی ہوئی گردوغبار اور فضا میں معلق ذرات شامل ہیں جو کئی ریجنوں میں افقی حدِ نظر کو متاثر کر سکتے ہیں۔
یہ صورتحال آج جمعرات کی شام تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
مکہ مکرمہ کے ریجن کے متعدد شہروں کو متاثر کرنے والی موسمی کیفیت متوقع ہے۔
الخرمہ، تربہ اور رنیہ کے لیے صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک گرد و غبار، تیز ہواؤں اور 3 تا 5 کلومیٹر تک حدِ نظر میں کمی کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
العرضیات کے لیے دوپہر ایک بجے سے شام 8 بجے تک ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بجلی کڑکنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جدہ اور رابغ میں شام 6 بجے تک گردوغبار ہوگا جبکہ الجموم، الکامل اور خلیص میں تیز ہواؤں کی رفتار 49 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جو حد نگاہ کو متاثر کرے گی۔
مدینہ منورہ کے ریجن میں المہد اور وادی الفرع کے لیے بھی موسمی انتباہات جاری کئے گئے ہیں، جہاں 11 بجے صبح سے 6 بجے شام تک تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جن کی رفتار 49 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے اور یہ حدنگاہ کو متاثر کریں گی۔