Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی رائل ریزرو نے امریکی کانفرنس میں بنجر زمین کی بحالی کی کوشش کو اجاگر کیا

اتھارٹی نے کانفرنس میں ایک سائنسی تحقیقی مقالہ بھی پیش کیا (فوٹو ایس پی اے)
امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے امریکہ میں ایک کانفرنس کے دوران سعودی عرب کی قیادت میں قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو دنیا کے سامنے رکھا ہے۔
قدرتی ماحول کی بحالی کے موضوع پر یہ گیارہویں عالمی کانفرنس، امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر ڈین ور میں ہوئی جس میں بے آب و گیاہ زمین اور ماحولی نظام کی بحالی پر مملکت کی کوششوں کا تذکرہ ہوا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس عالمی اجتماع میں ممتاز سائنس دان، ماہرین اور قدرتی ماحول کی بحالی پر عملی کام کرنے والوں نے اپنے اپنے علمی تجربات اور دنیا بھر میں ماحولی نظام کی بحالی کی جدید کوششوں پر بات کی۔
اتھارٹی نے ایک سائنسی تحقیقی مقالہ بھی پیش کیا اور تصاویر پر مبنی بصری مواد کے ذریعے پریزینٹیشن بھی دی جس میں انتہائی خشکی کا شکار ماحول کی بحالی اور تحفظ کے منصوبوں کا خاص طور پر ذکر ہوا۔
اتھارٹی کی نمائندگی کرنے والوں نے ماحولی نظام کی بحالی سے متعلق عالمی معیارات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک ورکشاپ میں بھی شرکت کی اور خشک و بنجر ریجنوں میں بہترین طریقِ عمل اختیار کرنے پر زور دیا۔

سعودی عرب حیاتیاتی تنوع سے پیدا ہونے والے نایاب توازن کو محفوظ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)

کانفرنس میں اتھارٹی کی شرکت، حیاتیاتی تنوع سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی توازن کے تحفظ اور عالمی اشتراکِ عمل کو پروان چڑھانے کے لیے بہترین بین الاقوامی طریقے اختیار کرنے کے عہد کی عکاس ہے جو ماحولی پائیداری کے اُس ہدف سے مطابقت رکھتی ہے جو ’سعودی وژن 2030 ‘ میں طے کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب خود بھی حیاتیاتی تنوع سے پیدا ہونے والے نایاب توازن کو محفوظ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
رائل ریزرو کی اتھارٹی نے حال ہی میں نقل مکانی کرنے والے پرندوں، ان کے محفوظ ٹھکانوں اور ان کے تحفظ کی کوششوں کی اہمیت کو نمایاں کیا ہے۔
اس جانب بھی توجہ دلائی گئی ہے کہ نقل مکانی کرنے والے پرندوں کو کس طرح کے خطرات لاحق ہیں اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں یہ پرندے کس طرح مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔

 عالمی معیارات پر عملدرآمد سے متعلق ورکشاپ میں بھی شرکت کی (فوٹو: ایس پی اے)

رائل ریزرو، جزیرہ نمائے عرب میں ایسے مقام پر واقع ہے جس کے اوپر نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے کئی پروازی راستے ہیں۔ یہاں متنوع ماحول موجود ہے جن میں پہاڑ، وادیاں، میدان اور پانی کے ذخائر بھی پائے جاتے ہیں جو ان پرندوں کے آرام اور سیکڑوں قسموں کی عارضی افزائشِ نسل کے لیے مثالی پناہ گاہ کا کام کرتے ہیں۔
امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے تحفظ اور ان کی ماحولیاتی نگرانی بڑھانے کی توثیق کی ہے جو عالمی اور قومی سطح پر حیوانات اور نباتات کے کثرت سے ایک جگہ پائے جانے سے جنم لینے والے متوازن ماحول کے بچاؤ کی حکمتِ عملی کے عین مطابق ہے۔
ایسی کوششیں ماحولیات کے پائیدار تحفظ اور بندوبست کے لیے بین الاقوامی طور پر سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے قائدانہ کردار کو اجاگر کرتی ہیں۔

 

شیئر: