اجازت کے بغیر مسافروں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر 789 افراد گرفتار
اتوار 19 اکتوبر 2025 11:44
’ٹیکسی سروس کی فراہمی غیر قانونی ہے جس پر 11 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 789 افراد کو اجازت کے بغیر مسافروں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں جاری نگرانی مہمات کے تحت مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی 11 اکتوبر سے 17 اکتوبر کے درمیان کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ ’ایئرپورٹس، بس یا ٹرین سٹیشنوں میں اجازت کے بغیر ٹیکسی سروس کی فراہمی غیر قانونی ہے جس پر 11 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے‘۔
’خلاف ورزی دہرانے پر جرمانے کے علاوہ گاڑی 25 دن کے لئے ضبط کی جائے گی‘۔
اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ’پبلک ٹرانسپورٹ نظام جو شاہی فرمان کے تحت جاری ہوا ہے کے مطابق کسی بھی قسم کی نقل و حمل کی سرگرمی بغیر لائسنس انجام دینا ممنوع ہے‘۔
’اس میں نقل و حمل کی پیشکش، سواری کی سہولت دینا یا مسافروں کے انتظار کی جگہوں پر جمع ہونا بھی شامل ہے‘۔
اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ان مہمات کا مقصد خدمات کے معیار میں بہتری لانا، قانونی ٹرانسپورٹ آپریٹرز کے ساتھ عوامی تعامل کو فروغ دینا اور نظام و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانا ہے۔