Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دل بچانا ہے؟ مردوں کو خواتین سے دُگنی ورزش کرنا ہوگی، نئی تحقیق

این ایچ ایس کے مطابق 16 سے 64 سال کے مرد و خواتین کو ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل یا 75 منٹ سخت ورزش کرنی چاہیے۔ (فائل فوٹو: فری پک)
ماہرین کا کہنا ہے کہ مردوں کو خواتین کے برابر دل کی بیماری (کورونری ہارٹ ڈیزیز) کے خطرے کو کم کرنے کے لیے تقریباً دوگنی ورزش کرنی پڑتی ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق یہ تحقیق 80 ہزار سے زائد افراد کے جسمانی سرگرمی کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔
نتائج کے مطابق وہ خواتین جو ہر ہفتے 250 منٹ ورزش کرتی ہیں، ان میں دل کی بیماری کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے، جبکہ مردوں کو یہی فائدہ حاصل کرنے کے لیے ہفتے میں تقریباً 530 منٹ، یعنی نو گھنٹے کے قریب، ورزش کرنا پڑتی ہے۔
اس تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین ایک ہی مقدار کی ورزش سے مردوں کے مقابلے میں زیادہ فائدہ حاصل کرتی ہیں، تاہم خواتین عمومی طور پر جسمانی طور پر کم متحرک ہوتی ہیں اور ورزش کے تجویز کردہ اہداف پورے کرنے کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں۔
برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے رہنما اصولوں کے مطابق 16 سے 64 سال کے مرد و خواتین کو ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل یا 75 منٹ سخت ورزش کرنی چاہیے، اور ساتھ ہی ہفتے میں کم از کم دو بار پٹھوں کو مضبوط بنانے والی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے۔
تازہ ترین تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ خواتین نسبتاً کم ورزش سے بھی خاطر خواہ فائدے حاصل کر سکتی ہیں۔ دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک عورت قلبی امراض سے موت کا شکار ہوتی ہے۔
تحقیق کے مصنفین نے جریدے نیچر کارڈیو ویسکولر ریسرچ میں لکھا کہ ’مردوں کے مقابلے میں خواتین نصف وقت کی ورزش سے ہی مساوی صحت بخش فوائد حاصل کر لیتی ہیں۔‘

تازہ ترین تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ خواتین نسبتاً کم ورزش سے بھی خاطر خواہ فائدے حاصل کر سکتی ہیں (فائل فوٹو: فری پک)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نتائج خواتین کو جسمانی سرگرمی بڑھانے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔
چین کی شامن یونیورسٹی کے ڈاکٹر جیاجن چن اور ان کے ساتھیوں نے یوکے بایو بینک کے تحت شامل درمیانی عمر کے رضاکاروں کے جسمانی سرگرمی کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔
ابتدائی طور پر 80 ہزار 243 ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جنہیں دل کی بیماری لاحق نہیں تھی۔ ان میں وہ خواتین جو ہفتہ وار 150 منٹ ورزش کرتی تھیں، ان میں آٹھ سال کے عرصے میں دل کی بیماری کا خطرہ 22 فیصد کم تھا، جبکہ مردوں میں یہ کمی 17 فیصد رہی۔

 

شیئر: