Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کا سعودی عرب میں 375 ملین ریال کی سرمایہ کاری کا معاہدہ

چینی کمپنی کے اشتراک سے کیبلز کی فیکٹری قائم کی جائے گی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی پورٹ اتھارٹی ’موانی‘ نے چینی گروپ ’زیڈ ٹی ٹی‘ کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت چینی کمپنی 375 ملین ریال کی سرمایہ کاری کرے گی۔
عکاظ اخبار کے مطابق ریاض میں ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ فورم کے نویں ایڈیشن میں ’موانی‘ اور چینی کمپنی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت راس الخیر بندر گاہ میں جدید سمندری اور زمینی کیبلز بنانے کا کارخانہ قائم کیا جائے گا۔
معاہدے پر موانی کے سربراہ انجینئر سلمان المزروعی جبکہ چینی کمپنی کے سی ای او شیوجیانلین نے دستخط کیے۔ یہ اقدام سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف کے تحت کیا گیا ہے جس میں قومی نقل حمل کو ترقی دیتے ہوئے تین براعظموں کو ملانے والا عالمی لاجسٹک مرکز بنانا ہے۔
مجوزہ کارخانے کی تعمیر 80 ہزار مربع میٹر زمین پر کی جائے گی جہاں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کیبلز تیار کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت کارخانہ میں سالانہ بنیاد پر500 کلو میٹر بحری  اور اتنی ہی گنجائش کے زمینی کیبلز کے علاوہ 12 ہزار 500 کلومیٹر فائبرآپٹک کیبلز تیار کیے جائیں گے۔
واضح رہے راس الخبرکی بندرگاہ کو مملکت میں اہم صنعتی بندرگاہوں میں شمار کیا جاتا ہے جو 23 مربع کیلومیٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے اس میں 14 برتھ ہیں جبکہ سالانہ گنجائش 35 ملین ٹن تک ہے۔ بندرگاہ عالمی معیار کی جدید ترین آپریشنل سہولتوں سے لیس ہے ۔
دوسری جانب چینی کمپنی ’زیڈ ٹی ٹی ‘ گروپ دنیا بھر میں کیبلز ، توانائی اور ٹیلی کمیونیکشن مصنوعات تیار کرنے والی نمایاں کمنپوں میں شامل ہے۔

 

 

شیئر: