لینہ کیمپ : قدرتی ماحول میں سیاحت کے ساتھ ثقافت کا تجربہ
’یہ کیمپ سیاحتی تجربہ فراہم کرتا ہے جس میں آرام و آسائش کو فطرت کے ساتھ جوڑا گیا ہے‘ ( فوٹو: واس)
امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ’لینہ کیمپ‘ کے نام سے منفرد سیاحتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اُن نمایاں سیاحتی منصوبوں میں سے ایک ہے جو قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کے امتزاج کو پیش کرتا ہے۔
یہ کیمپ مکمل سیاحتی تجربہ فراہم کرتا ہے جس میں آرام و آسائش کو فطری اور ثقافتی اصالت کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
سیاح یہاں دلکش قدرتی مناظر کے درمیان سکون کے لمحات گزار سکتے ہیں، صاف و شفاف آسمان میں ستاروں کا مشاہدہ کر سکتے ہیں اور محفوظ علاقے میں پائے جانے والے منفرد حیاتیاتی تنوع سے آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔
لینہ کیمپ موسمی چراگاہی علاقے المعیزیلہ کے قریب واقع ہے جس سے یہ مقام سیاحت اور ماحولیاتی آگاہی کا امتزاج بن جاتا ہے۔

یہ سیاحوں کو اتھارٹی کی اُن کوششوں سے بھی متعارف کراتا ہے جو نباتاتی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے کی جا رہی ہیں تاکہ قدرتی وسائل کی پائیداری یقینی بنائی جا سکے۔
اتھارٹی اس پروگرام کے ذریعے ماحولیاتی سیاحت کے تصور کو مستحکم کرنا اور مقامی کمیونٹی کی ماحول کے تحفظ میں شمولیت کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

اس مقصد کے لئے آگاہی اور سماجی سرگرمیوں پر مبنی اقدامات کئے جا رہے ہیں جو اس مقام کو ایک ترقیاتی اور سیاحتی منزل کے طور پر نمایاں کرتے ہیں۔
لینہ کیمپ اُن متعدد پروگراموں میں سے ایک ہے جو اتھارٹی کی جامع حکمتِ عملی کے تحت نافذ کئے جا رہے ہیں اور جن کا مقصد اس محفوظ علاقے کو ماحولیاتی سیاحت کی ایک قومی مثال بنانا ہے۔