Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے سخت شرمندگی ہے‘، اداکار زاہد احمد نے کانٹینٹ کریئٹرز سے معافی کیوں مانگی؟

زاہد احمد کا شمار پاکستان کے چوٹی کے اداکاروں میں ہوتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
مشہور پاکستانی ادکار زاہد احمد نے اپنے حالیہ بیان پر ہونے والی تنقید کے بعد سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئٹرز سے معافی مانگ لی ہے۔
زاہد احمد نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ان کے الفاظ کو غلط سمجھا گیا۔‘
وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے کریئٹرز کی بات کی تھی میں نے، کانٹینٹ کریئٹرز کی بات نہیں کی تھی میں نے، یعنی جنہوں نے یہ پلیٹ فارمز بنائے ہیں ان کو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس پر مجھے سخت شرمندگی ہے، میں جذبات میں کچھ زیادہ ہی کہہ گیا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ اس لیے ان کے لیے ضروری تھا کہ وہ اپنی بات درست اور واضح انداز میں بیان کرتے۔ ان کا مقصد کسی کو بُرا کہنا نہیں تھا بلکہ سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں پر توجہ دلانا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل زاہد احمد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔
اس پوڈکاسٹ میں انہوں نے سوشل میڈیا کریئٹرز کے بارے میں نامناسب گفتگو کی تھی۔
احمد علی بٹ کے ساتھ گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں سوشل میڈیا کو نفرت اور حقارت کی نظر سے دیکھتا ہوں، میرے نزدیک یہ انسانوں کی سب سے خطرناک ایجاد ہے۔‘
زاہد احمد کے مطابق ’سوشل میڈیا انسانیت کی حقیقی فطرت کے بالکل برعکس ہے۔‘
زاہد احمد کا کہنا تھا کہ ’اگر سوشل میڈیا کو صرف کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ ایک بہترین ایجاد ہے کیونکہ اس سے لوگ اپنا کاروبار چلاتے ہیں اور کماتے ہیں، جو کہ سوشل میڈیا کا سب سے مؤثر اور مثبت پہلو ہے تاہم اس کا سماجی پہلو انسانوں میں حسد، خودنمائی اور دوسروں کو کمتر سمجھنے کے رویے کو فروغ دیتا ہے۔‘

شیئر: