اسلام آباد میں دھماکہ کرنے والے خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا، محسن نقوی
اسلام آباد میں دھماکہ کرنے والے خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا، محسن نقوی
جمعرات 13 نومبر 2025 11:41
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ’اسلام آباد میں دھماکہ کرنے والے خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا۔ اس کے علاوہ وانا کیڈٹ کالج پر حملے میں ملوث خودکش بمبار کا تعلق بھی افغانستان سے تھا۔‘
جمعرات کو سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’دونوں واقعات میں ملوث افراد کا تعلق افغانستان سے ہے۔ ہمارے لیے اس وقت سب سے بڑا ٹارگٹ یہاں سے غیر قانونی افغان مہاجرین کو نکالنا ہے۔‘
اس سے قبل سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جمعے کی رات گئے سول انٹیلیجنس اداروں نے راولپنڈی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سہولت کار کو راولپنڈی کے علاقے ڈھوک پراچہ جبکہ ہینڈلر کو صوبہ خیبر پختونخوا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
خودکش دھماکے سے پہلے سہولت کار اور خود کش حملہ آور نے متعدد بار جوڈیشل کمپلیکس کی ریکی کی تھی۔
سہولت کار جوڈیشل کمپلیکس کے علاوہ راولپنڈی کینٹ میں اہم مقامات کی بھی ریکی کرتا رہا ہے۔ ہینڈلر اور سہولت کار کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے سہولت کار کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو 40 گھنٹوں میں گرفتار کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو حادثے کے 40 گھنٹوں میں گرفتار کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں منگل کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں کم سے کم 12 افراد ہلاک جبکہ 36 زخمی ہوئے تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ دھماکہ خودکش تھا، حملہ آور اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا لیکن موقع نہ ملنے پر پولیس کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔
خودکش دھماکہ منگل کی دوپہر 12 بج کر 39 منٹ پر اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 میں واقع جوڈیشل کمپلیکس کے گیٹ کے عین سامنے ہوا تھا۔
خودکش دھماکے کے بعد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس کو خالی کروا لیا تھا اور عدالتیں بند کر دی تھیں۔