Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وُڈ کے کون کون سے معروف ستارے دبئی میں عالیشان گھروں کے مالک ہیں؟

شاہ رخ خان دبئی کے مہنگے علاقے میں گھر کی ملکیت رکھتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ سٹارز کو ہمیشہ سے ہی عیش و آرام اور خوب صورت طرزِ زندگی کا حامل سمجھا جاتا ہے، اور جب بات شاہانا گھروں کی آتی ہے تو دبئی ان کی پہلی پسندیدہ جگہوں میں شمار ہوتا ہے۔
دبئی میں سمندر کے کنارے ولاز، اونچی عمارتوں میں لگژری اپارٹمنٹس اور شہر کے دلکش مناظر نے کئی انڈین ستاروں کو اپنی طرف کھینچ رکھا ہے۔
یہاں ہم آپ کو بالی وڈ کے چند ایسے فنکاروں سے متعلق بتاتے ہیں جو دبئی میں گھروں کی ملکیت رکھتے ہیں۔

شاہ رخ خان

کوئی موئی کے مطابق بالی وڈ کے سپرسٹار شاہ رخ خان کا دبئی کے پام جمیرہ میں واقع گھر ’جنّت‘ کسی خواب سے کم نہیں۔ یہ شاندار بنگلہ انہیں دبئی کے ایک مشہور پراپرٹی ڈویلپر نے تحفے میں دیا تھا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Shah Rukh Khan (@iamsrk)

تقریبا 18 ہزار مربع فٹ پر پھیلا یہ مکان پرائیویٹ بیچ، جم اور سوئمنگ پول جیسی سہولیات سے آراستہ ہے۔ اس کے اندرونی حصے کی سجاوٹ اداکار کی اہلیہ گوری خان نے خود کی ہے۔ اس کی مالیت تقریباً ایک ارب انڈین روپے بتائی جاتی ہے۔

انیل کپور

ہمیشہ جوان نظر آنے والے اداکار انیل کپور نے دبئی کے علاقے ’الفُرجان‘ میں ایک اپارٹمنٹ خرید رکھا ہے۔
اس اپارٹمنٹ میں دو بیڈ روم، ہال اور جدید کچن شامل ہیں۔ یہ علاقہ دبئی کے مہنگے ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور اس اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباً تین کروڑ انڈین روپے ہے۔

ثانیہ مرزا

انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اپنے بیٹے اذہان کے ہمراہ دبئی کے پالم جمیرہ میں مقیم ہیں۔ شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد انہوں نے یہ خوبصورت دو منزلہ گھر خریدا تھا۔
13 کروڑ روپے مالیت کے اس گھر میں سوئمنگ پول، نماز کا کمرہ اور واک اِن کلوزٹ جیسی سہولیات موجود ہیں۔

شلپا شیٹھی اور راج کندرا

معروف ایکٹرس شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر راج کندرا کے پاس بھی دبئی میں شاندار گھر ہے۔
شادی کی سالگرہ پر راج کندرا نے شلپا کو برج خلیفہ کی 19ویں منزل پر ایک اپارٹمنٹ تحفے میں دیا تھا جس کی مالیت 50 کروڑ انڈین روپے تھی۔ بعد میں دونوں نے وہ اپارٹمنٹ فروخت کر کے پالم جمیرہ میں ایک بڑا ولا خرید لیا تھا۔

ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن

ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کا دبئی کے جمیرہ گالف سٹیٹس میں واقع ولا بھی بہت خوبصورت ہے۔ اس میں پول، باغیچہ، جدید کچن اور گالف کورس موجود ہے۔
یہ گھر انہوں نے سنہ 2016 میں تقریباً 16 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ وہ اکثر چھٹیوں میں یہاں قیام کرتے ہیں۔

سلمان خان

سلمان خان کے پاس دبئی کے علاقے ’ڈاؤن ٹاؤن‘ میں ایک لگژری اپارٹمنٹ ہے جو برج خلیفہ کے قریب واقع ہے۔
سلمان خان اپنے دبئی میں قیام کے دوران اسی اپارٹمنٹ میں ٹھہرتے ہیں۔
 

شیئر: