بیٹ سٹمپس کو مارنے پر بابر اعظم پر آئی سی سی کی طرف سے جرمانہ
بابر اعظم نے جرم قبول کر لیا جس سے باضابطہ سماعت کی ضرورت ختم ہو گئی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے بیٹنگ سٹار بابراعظم کو سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔
منگل کو آئی سی سی کی طرف جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق بابراعظم پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بابر اعظم نے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی ہے، جو ’کرکٹ کے سامان یا کپڑوں، گراؤنڈ کے آلات یا فکسچر اور فٹنگز کے غلط استعمال‘ سے متعلق ہے۔
اس کے علاوہ بابراعظم کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہے، جو 24 ماہ کے عرصے میں ان کا پہلا جرم ہے۔
یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 21ویں اوور میں پیش آیا جب بابراعظم اپنی وکٹ گرنے کے بعد کریز چھوڑنے سے پہلے بیٹ سٹمپس کو مارا تھا۔
میدان میں موجود امپائرز ایلکس وارف اور راشد ریاض، تیسرے امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور چوتھے امپائر فیصل آفریدی نے الزام عائد کیا، جبکہ امارات آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری علی نقوی نے سزا تجویز کی۔
بابر اعظم نے جرم قبول کر لیا اور سزا مان لی، جس سے باضابطہ سماعت کی ضرورت ختم ہو گئی۔
لیول ون خلاف ورزیوں پر کم از کم سزا سرکاری وارننگ اور زیادہ سے زیادہ سزا کھلاڑی کی میچ فیس کا 50 فیصد اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہوتی ہے۔
