Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کے دورے کی دعوت، سیلاب سے چینی انجینیئرز کو بچانے والے سعودی شہریوں کا استقبال

سعودی عرب میں متعین چینی سفیر ژانگ ہوا نے ریاض میں سفارت خانے کے دفتر میں حائل کے الشملی علاقے سے تعلق رکھنے والے تین سعودی نوجوانوں کا استقبال کیا ہے جنہوں نے سیلاب میں پھنسنے والے چینی انجینیئرز کی گاڑی الٹ جانے کے بعد انہیں بچایا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق چینی سفیر نے احمد ناصر العنزی، حمود مسامح العنزی اور مبارک فریح العنزی کا دلی شکریہ اور بھرپور قدردانی کا اظہار کیا ہے۔
چینی سفیر نے ان کی بہادری اور اُن کے عظیم انسانی کردار کو سراہا ہے۔
چینی سفیر نے ایکس پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’میں نے سفارتخانے میں تین سعودی نوجوانوں احمد ناصر العنزی، حمود مسامح العنزی اور مبارک فريح العنزی سے ملاقات کی ہے جو بہادری سے ریسکیو کرنے میں ماہر ہیں۔‘
ساتھ ہی اُن چینی انجینیئرز سے بھی ملاقات کی جنہیں بچایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے ان کی قابلِ ستائش اور متاثر کن بہادری کی کہانی سنی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے بہادرانہ اقدامات کی کوئی قیمت نہیں۔‘
چینی سفیر نے تینوں نوجوانوں کو موقع ملنے پر چین کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔

شیئر: