ایشیا کپ رائزنگ سٹارز: پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا
پاکستان شاہینز نے پہلے کھیلتے ہوئے 153 رنز بنائے تھے (فوٹو: اے سی سی)
ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
جمعے کو دوحہ میں پاکستان شاہینز کے 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز ہی بنا سکی۔
ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سےغازی غوری 39، معاذ صداقت 23، احمد دانیال 22، سعد مسعود 22، محمد نعیم 16، محمد فائق سات، شاہد عزیز سات، یاسر خان چھ اور کپتان عرفان خان چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبید شاہ صفر جبکہ سفیان مقیم ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا اے کی طرف سے پرامود مدوشان چار جبکہ تراوین میتھیو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا اے کی جانب سے ملن رتنائیکے نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ وشن ہلمباگے 29، لستھ کروسپولے نے 27 رنز سکور کیے۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے سفیان مقیم اور سعد مسعود نے تین تین جبکہ احمد دانیال، عبید شاہ اور شاہد عزیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش اے پہلے ہی انڈیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا چکا ہے۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ میں اپنے تینوں گروپ میچز عمان، انڈیا اے اور متحدہ عرب امارات کے خلاف جیتے تھے۔
ایونٹ کا فائنل اتوار کو پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
