Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا نے ڈیجیٹل ویزہ سسٹم 34 ممالک تک بڑھا دیا، پاکستان بھی شامل

ہائی کمیشن کے مطابق ’اب اہل درخواست گزاروں کو بائیومیٹرک سینٹر جانے کی ضرورت نہیں رہی‘ (فائل فوٹو: ایکس)
آسٹریلیا نے اپنے ڈیجیٹل ویزا سسٹم کو مزید 34 ممالک تک توسیع دے دی ہے، جس کے بعد اہل پاکستانی درخواست گزار آسٹریلین ایمی ایپ کے ذریعے ضروری تفصیلات جمع کرا سکتے ہیں، اور انہیں بائیومیٹرک سینٹر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ }ایمی ایپ اب پاکستان میں ویزہ درخواست دہندگان کے لیے دستیاب ہے۔‘
پریس ریلیز کے مطابق یہ ایپ اہل صارفین کو اپنے پاسپورٹ کی معلومات اور چہرے کی بائیومیٹرک براہِ راست اپنے سمارٹ فون سے بھیجنے کی سہولت دیتی ہے۔‘
ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ’اس نئی سہولت سے ایسے درخواست گزاروں کو بائیومیٹرک سینٹر جانے کی ضرورت نہیں رہی جو اس کے اہل ہوں۔‘
ایپ استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ درخواست گزار پہلے سے اپنے بائیو میٹرکس، یعنی چہرے کی تصویر اور فنگر پرنٹس، آسٹریلیا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کو جمع کرا چکے ہوں اور ان کے پاسپورٹ بھی درست ہوں۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا کہ ’یہ اقدام حکومت کے اس ہدف کو حاصل کرنے میں ممد و معاون ہے جس کا مقصد پاکستانی مسافروں، طلبہ اور ہنرمند کارکنوں کے لیے ویزہ عمل کو آسان بنانا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایمی ایپ درخواست گزاروں کو اپنی معلومات محفوظ طریقے سے بھیجنے کا طریقہ فراہم کرتے ہے اور سفر کے وقت اور اخراجات میں کمی لاتی ہے۔‘
سنہ 2024 میں متعارف ہونے والی Immi App پہلے ہی بحرالکاہل، ایشیا اور دیگر خطوں میں متعارف کرائی جا چکی ہے، جہاں ہزاروں درخواست گزار اپنے ویزہ کے مراحل موبائل کے ذریعے مکمل کر چکے ہیں۔
اس تازہ توسیع کے بعد یہ ایپ اب 34 ممالک میں فعال ہے۔ نئے علاقوں میں مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، لاطینی امریکہ اور یورپ کے حصے شامل ہیں۔
ہائی کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ ’پاکستان میں جو درخواست گزار اہلیت کے معیار پر پورا اُترتے ہیں وہ اس سہولت کا استعمال کریں کیونکہ اس سے ویزہ درخواستوں کے عمل میں مزید تیزی آتی ہے۔‘
حکام کے مطابق یہ اقدام ڈیپارٹمنٹ آف ہوم افیئرز کے طویل المدت منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد ویزہ سروسز کو جدید بنانا اور سفری طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔‘

شیئر: