Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین ملکی سیریز: سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا پاکستان کو ہرا کر فائنل میں

سری لنکا کی جانب سے کامِل مشارا نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی (فوٹو: پی سی بی)
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والی سہہ ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے اور پاکستان کو 185 رنز کا ہدف دیا جو وہ پورا نہ کر سکا۔
سری لنکا کی جانب سے کامِل مشارا نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی اننگز 
سری لنکا نے اننگز کا آغاز مایوس کن کیا لیکن پاور پلے کے بعد اس کی بیٹنگ مستحکم ہو گئی۔ سری لنکا کو پہلا نقصان پاتھم نسانکا کی صورت میں ہوا، وہ آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد کامِل مشارا نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو 184 رنز بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
ان کے علاوہ کشال مینڈس نے 40، جینتھ لیانگے 24، پاتھم نسانکا آٹھ، کشال پریرا چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دسون شناکا 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے دو جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے 185 رنز کے تعاقب کا آغاز کیا تو اس کے پہلی وکٹ 29 رنز پر گری۔ صاحبزادہ فرحان 9 رنز بنا کر چمیرا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ بابر اعظم کوئی رن نہ بنا سکے اور وہ بھی چمیرا کا شکار بنے۔
صائم ایوب نے 27 رنز سکور کیے جس کے بعد وہ مالنگا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ فخر زمان کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے اور صرف ایک رن ہی بنایا تھا کہ وہ بھی چمیرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سلمان آغا 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: پی سی بی)

عثمان خان نے 33 رنز بنائے جس کے بعد وہ ہاسا رنگا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ چھٹی وکٹ محمد نواز کی گری جنہوں نے 27 رنز بنائے۔
جب دو گیندوں پر سات رنز چاہیے تھے تو فہیم اشرف کیچ آؤٹ ہو گئے اور اس طرح میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ سلمان آغا 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان کی پلیئنگ الیون صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان علی آغا (کپتان)، عثمان خان، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، محمد وسیم، سلمان مرزا اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون
سری لنکا کی پلیئنگ الیون پاتھم نسانکا، کامِل مشارا، کشال مینڈس، کوسال پریرا، جینتھ لیانگے، دسون شناکا، پوان رتھ نائیکے، ونانڈو ہسارنگا، دُشمنتھا چمیرا، مہیش تشکھانا اور ایشان مالنگا پر مشتمل ہے۔

شیئر: