Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین ملکی سیریز: پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان نے تین ملکی ٹی20 سیریز میں سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 129 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 80 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے بھی شامل تھے۔
صائم ایوب 20 رنز پر دسون شناکا کی گیند کو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ 
بابر اعظم نے 22 گیندوں کا سامنا کیا اور 16 رنز بنانے کے بعد دشمانتھا چمیرا کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ کپتان سلمان علی آغا دشمانتھا چمیرا کی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے دو جبکہ دسون شناکا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ 
کوشل پریرا سب سے زیادہ 25 رنز بنانے کے بعد سپنر محمد نواز کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ کامل مشرا نے 22 جبکہ پتھوم نسانکا نے 17 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سلمان مرزا، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شیئر: