تیسرے دنیا کے ممالک سے امریکہ مائیگریشن مستقل طور پر بند کریں گے: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ ’تیسری دنیا کے ممالک‘ سے امریکہ نقل مکانی (مائیگریشن) کو مستقل طور پر بند کرنے کا ارادہ ہے۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان اس واقعے کے ایک دن بعد سامنے آیا جب ایک افغان شہری پر واشنگٹن میں دو نیشنل گارڈ کے اہلکاروں کو گولی مارنے کا الزام لگا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’میں امریکہ کے نظام کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے تمام تیسرے دنیا کے ممالک سے نقلِ مکانی کو مستقل طور پر روک دوں گا۔‘
انہوں نے اپنے پیشرو جو بائیڈن کے دور میں دی گئی ’لاکھوں‘ منظوریوں کو منسوخ کرنے کی دھمکی بھی دی، اور کہا کہ وہ ’ہر اُس شخص کو نکال دیں گے جو ریاست ہائے متحدہ کے لیے خالص اثاثہ نہ ہو۔‘
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ غیر امریکی شہریوں کے لیے تمام وفاقی فائدے اور سبسڈیز ختم کر دیں گے، اور کسی بھی غیر ملکی شہری کو جو سکیورٹی رسک ہو یا ’مغربی تہذیب سے ہم آہنگ نہ ہو‘ ملک بدر کر دیں گے۔
ان کا غصے بھرا پیغام، جو امریکیوں کو تھینکس گیونگ کی مبارکباد دے کر ختم ہوا، ان کی دوسری مدتِ صدارت کی سخت اینٹی مہاجر پالیسیوں میں ایک اور اضافہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان اہداف کا تعاقب غیر قانونی اور خلل ڈالنے والی آبادی میں نمایاں کمی حاصل کرنے کے مقصد سے کیا جائے گا۔
’صرف ریورس مائیگریشن ہی اس صورتِ حال کا مکمل علاج کر سکتی ہے۔‘
