Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس فیشن: ایلا واڈیا کون ہیں اور ان کا بانی پاکستان محمد علی جناح سے کیا رشتہ ہے؟

ایلا واڈیا نے پیرس کے ایک فیشن ایونٹ میں شرکت کی (فوٹو: ایکس)
پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی بیٹی کی نواسی ایلا واڈیا نے پیرس میں ہونے والے دنیا کے مشہور فیشن ایونٹ ’لی بال ڈیبیوٹانٹس‘ میں پہلی بار شرکت کی ہے۔
’لی بال‘ ایک سالانہ تقریب ہے جہاں مختلف ممالک کے بااثر اور معروف خاندانوں سے تعلق رکھنے والی صرف 20 نوجوان لڑکیوں کو بلایا جاتا ہے۔
اس تقریب کا مقصد انہیں عالمی سماجی حلقوں سے روشناس کرانا ہوتا ہے۔ یہ پروگرام پیرس کے تاریخی شنگری لا ہوٹل میں منعقد ہوا جو اپنی شان و شوکت اور شاہی تاریخ کی وجہ سے مشہور ہے۔
ایلا واڈیا نے اس تقریب میں مشہور ڈیزائنر ایلی صعب کا ایک خوبصورت گاؤن پہن رکھا تھا جو سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ایونٹ میں دنیا بھر سے شہزادیوں، ارب پتی خاندانوں کی بیٹیوں اور مختلف مشہور شخصیات کے بچوں نے شرکت کی لیکن ایلا اپنی خوبصورتی، خاندان کے پس منظر اور پراعتماد انداز کی وجہ سے خاص طور پر نمایاں رہیں۔
ایلا واڈیا کی اس تقریب میں شرکت کو ایک اہم لمحہ سمجھا جا رہا ہے کیونکہ وہ ایک ایسے تاریخی نام کی نمائندگی کرتی ہیں جو برصغیر کے لوگوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ دنیا کے اس خصوصی ایونٹ میں ان کی موجودگی کو خوب سراہا گیا ہے۔

ایلا واڈیا کون ہیں؟

ایلا واڈیا ایک ایسے ممتاز خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جو انڈیا کے معروف صنعتی گھرانوں میں شمار ہوتا ہے۔ وہ جہانگیر واڈیا کی بیٹی ہیں جو ’ممبئی ڈائینگ‘، ’گو فرسٹ‘ اور ’ممبئی ریئلٹی‘ کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں جبکہ ان کی والدہ سیلینا واڈیا ایک مشہور فیشن ڈیزائنر ہیں اور اپنا برینڈ ’سی فیم‘ چلاتی ہیں۔
ایلا واڈیا کا تعلق محمد علی جناح سے اُن کی اکلوتی بیٹی دینا واڈیا کے ذریعے بنتا ہے۔ دینا واڈیا نے انڈیا کے مشہور صنتعکار نیول واڈیا سے شادی کر رکھی تھی جس سے ان کے بیٹے نُسلی واڈیا پیدا ہوئے۔
نُسلی واڈیا ایک معروف انڈین صنعتکار اور واڈیا گروپ کے موجودہ چیئرمین ہیں۔ نُسلی واڈیا کے دو بیٹے ہیں جہانگیر واڈیا اور نیس واڈیا۔ جہانگیر واڈیا ہی ایلا واڈیا کے والد ہیں اور اس رشتے ایلا واڈیا قائد اعظم محمد علی جناح کی پڑپوتی لگتی ہیں۔
واڈیا خاندان کئی دہائیوں سے ممبئی میں آباد ہے اور انڈیا کے سب سے بااثر صنعتی خاندانوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

شیئر: