خیبر پختونخوا پولیس کے ہاتھوں مارے جانا والا ’لعلے گینگ‘ کس نے بنایا تھا؟
خیبر پختونخوا پولیس کے ہاتھوں مارے جانا والا ’لعلے گینگ‘ کس نے بنایا تھا؟
جمعرات 4 دسمبر 2025 14:48
فیاض احمد، اردو نیوز۔ پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا پولیس نے کہا ہے کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شاہ پور اور شانگلہ میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں لعلے گینگ کے سرغنہ لعل شیر سمیت متعدد اشتہاری مارے گئے، جبکہ بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی پی او پشاور کی سپیشل فورس نے نواحی علاقے شاہ پور میں جمعرات کی صبح رمضان شیر نامی ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا تو پولیس پر فائرنگ کی گئی۔
’فائرنگ کے دوران ملزم رمضان شیر موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔‘
دوسری جانب شانگلہ پولیس نے لعلے گینگ کے سرغنہ اور اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لیے پورن گاؤں میں چھاپے مارے جس کے دوران پولیس اور ملزموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مبینہ پولیس مقابلے میں اشتہاری اور لعلے گینگ کا سرغنہ لعل شیر ہلاک ہو گیا جبکہ ملزم جان شیر بھی ہلاک ہو گیا۔
چیف کیپیٹل سٹی پولیس افسر ڈاکٹر میاں سعید نے اپنے بیان میں پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انعام دینے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’لعلے گینگ بھتہ خوری، قتل، زمین پر قبضوں سمیت پولیس پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔‘
سی سی پی او کے مطابق ملزم 35 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے جن میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور پولیس کانسٹیبل کو قتل کرنے کے مقدمات شامل ہیں۔ ہلاک ملزموں سے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کا کہنا تھا کہ ’لعلے گینگ نے ٹارگٹ کلرز کا نیٹ ورک بنایا ہوا تھا جنہوں نے شہر میں خوف پھیلایا ہوا تھا۔‘
مطلوب ملزموں کی گرفتاری کے لیے دو خصوصی ٹیموں نے شانگلہ اور پشاور میں کارروائی کی جس میں گینگ کا صفایا کر دیا گیا۔
شانگلہ پولیس نے لعلے گینگ کے سرغنہ اور اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لیے پورن گاؤں میں چھاپے مارے۔ (فائل فوٹو: ایکس)
خوف کی علامت لعلے گینگ
پولیس حکام کے مطابق لعلے گینگ خوف کی علامت تصور کیا جاتا تھا۔ اس کا سرغنہ لعل شیر تھا جبکہ اس کے بھائی جان شیر اور رمضان شیر بھی اس خطرناک گینگ کا حصہ تھے۔
لعلے گینگ نے پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں شہریوں کی اراضی اور پشاور کی دو معروف ہاوسنگ سوسائٹیز پر بھی قبضہ کیا ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق لعلے گینگ شاہ پور، چمکنی، شرقی، سی ٹی ڈی نوشہرہ، تھانہ اکوڑہ خٹک، سرڈھیری اور سٹی چارسدہ کو سنگین مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا ۔
بدنام زمانہ موبائل سنیچر عزیرے بھی مارا گیا
گذشتہ رات بدھ کو پشاور پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں انتہائی مطلوب موبائل سنیچر عزیر عرف عزیرے کو ہلاک کر دیا۔ عزیر منظم گینگ کا سرغنہ تھا جو صرف پشاور میں 19 مقدمات میں مطلوب تھا۔ جن میں راہزنی، ڈکیتی، پولیس پر حملے، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔
گذشتہ رات بدھ کو پشاور پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں انتہائی مطلوب موبائل سنیچر عزیر عرف عزیرے کو ہلاک کر دیا۔ (فوٹو: پشاور پولیس)
پولیس کے مطابق عزیرے تہکال کا رہائشی تھا جس نے اپنے علاقے میں شہریوں کا جینا محال کیا ہوا تھا جبکہ شہر میں راہزنی کے متعدد واقعات میں اسی گینگ کے کارندے ملوث ہوتے تھے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ پشاور پولیس کو مطلوب بدنام زمانہ گینگسٹر آدم خان بھی ساتھیوں سمیت مارا گیا تھا۔